(التحیات سے پہلے بسم اللہ پڑھاتو کیا حکم ہے؟)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکا تہ
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ قعدہ اولی یا اخیرہ میں بھول کر التحیات سے پہلے بسم اللہ پڑھ لیا عند الشرع کیا حکم ہوگا؟ اور یہ بھی حکم بیان فرمائیں کہ امام کہتا کہ میں التحیات سے پہلے بسم اللہ پڑھتا ہوں اور پڑھتا رہوں گا ایسے امام کے پیچھے نماز کا کیا حکم ہوگا؟ حوالہ بھی عطا فرما دیں تو کرم ہوگا
المستفتی:۔حسنین رضا احمدآباد
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجـواب بعون الملک الوہاب
صورت مسولہ میں تشہد میں التحیات سے پہلے بسم اللہ شریف پڑھنا مکروہ تحریمی ہے کیونکہ یہ آیت قرآنی ہے قیام کے علاوہ کسی رکن میں بسم اللہ شریف کا پڑھناجائز نہیں ہے ۔(فتاوی مرکز تربیت افتاء ج ۱ ص ۱۸۱)
اور اعلٰی حضرت عظیم البرکت مجدد و دین ملت الشاہ امام احمد رضا خان فاضل بریلوی رضی اللہ تعالٰی عنہ بسم اللہ شریف کے جواب میں تحریر فرماتے ہیں کہ قیام کے سوا رکوع و سجود و قعود کسی جگہ بسم اللہ شریف پڑھنا جائز نہیں کہ وہ آیت قرآنی ہے اور نماز میں قیام کے سوا اور جگہ کوئی آیت پڑھنی ممنوع ہے ۔(فتاوی رضویہ ج۳؍ص ۱۴۳؍۱۴۵؍رضا اکیڈمی ممبئی)
یہ جانتے ہوئے کہ یہ بسم اللہ شریف کا محل نہیں ہے تبھی بسم اللہ شریف پڑھے گا تو نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی (یعنی ایسی نماز کو دہرائے) اور اگر بھول کر بسم اللہ شریف پڑھ لیا تو سجدہ سہو واجب ہے جیسا کہ عالمگیری میں ہے قعدہ میں بیٹھتے ہی تشہد پڑھنا واجب ہے لہٰذا اگر تشہد شروع کرنے سے پہلے کچھ اور پڑھ لیا تو تاخیر واجب کی وجہ سے سجدۂ سہو کرنا واجب ہوگا’’ولو قرا فی القعود إن قراقبل التشہد فی القعدتین فعلیہ السہو لترک واجب الابتداء بالتشہد اول الجلوس ‘‘ (طحطاوی۲۵۰ / فتاوی عالمگیری ج ۱ ص ۱۲۷)
معلوم ہوا کہ التحیات سے پہلے بسم اللہ شریف پڑھنے سے نماز مکروہ تحریمی ہوگی ،اب جو امام یہ کہے میں التحیات سے پہلے بسم اللہ پڑھتا ہوں تو اسے چاہئیے کہ نہ پڑھے، اور اگر کہے کہ پڑھتا رہوں گا تو ترک واجب کی بنا پر ایسے امام کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی ہوگی۔
لہذا ایسے امام کے پیچھے پڑھی گئی نمازوں کا اعادہ واجب ہے اور ایسے امام کو معزول کر دیا جائے اور اس کے پیچھے نماز نہ پڑھیں ۔ واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
محمد معصوم رضا نوری
کمپیوژ و ہندی میں ٹرانسلیٹ کے لئے اس پر کلک کریں
واحدی لائبریری کے لئے یہاں کلک کریں
हिन्दी फतवा के लिए यहाँ किलिक करें
مسائل یوٹوب پر سسنے کے لئے یہاں کلک کریں
آپ سے گزارش ہے کہ صحیح تبصرے کریں، اور غلط الفاظ استعمال نہ کریں۔