AD Banner

(جس کو بار بار ہوا خارج ہوتی ہو تو وہ نماز کیسے ادا کرے؟)

 (جس کو بار بار ہوا خارج ہوتی ہو تو وہ نماز کیسے ادا کرے؟)

 السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہ

مسئلہ:۔ کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ جس کو ریاح کی بیماری ہو یعنی بار بار ہوا خارج ہوتی ہو تو وہ نماز کیسے ادا کرے ؟ جلد سے جلد جواب عطا فرما کر شکریہ کا موقع دیں

المستفی:۔ محمد محفوظ عالم جسولی بریلوی یوپی 

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

الجواب بعون الملک الوہاب

   جس شخص کو ایسی کوئی بیماری ہے کہ ایک پورا وقت  ایسا گزر گیا کہ وضو کے ساتھ نماز فرض ادا نہ کر سکتا ہو تو وہ معذور ہے اس کے لئے حکم یہ ہے کہ وہ وقت میں وضو کرلے اور آخر وقت تک جتنی نمازیں چاہے اس وضو سے پڑھے اس بیماری سے اس کا وضو نہیں ٹوٹتا ؛ چاہے ریاح کی بیماری ہو یا سلسل بول کی ہو یادست وغیرہ دیگر کوئی وضو توڑنے والی ہوجیسا کہ صدر الشریعہ بدرالطریقہ علامہ امجد علی رحمۃ اللہ تعالی فرماتے ہیں ہر وہ شخص جس کو کوئی ایسی بیماری ہے کہ ایک وقت پورا ایسا گزرگیا کہ وضو کے ساتھ نماز فرض ادا نہ کر سکا تو وہ معذور ہے اس کا بھی یہی حکم ہے کہ وقت میں وضو کرلے اور آخر وقت تک جتنی نمازیں چاہے اس ضو سے پڑھے اس بیماری سے اس کا وضو نہیں جاتا؛ جیسے قطرے کا مرض یادست آنا؛ یا ہوا خارج ہونا؛ یا دکھتی آنکھ سے پانی گرنا ؛ یا پھوڑے یا ناصور سے ہر وقت رطوبت پہنا؛ یا کان ؛ناف یا پستان سے پانی نکلنا یہ سب بیماریاں وضو  توڑنے والی ہیں ان میں جب پورا ایک وقت ایسا گزرگیا کہ ہرچندکوشش کی مگر طہارت کے ساتھ نماز نہ پڑھ سکا تو عذر ثابت ہوگیا؛ جب عذر ثابت ہوگیا تو جب تک ہر وقت میں ایک ایک بار بھی وہ چیز پائی جائے معذور ہی رہے گا مثلا عورت کو ایک وقت تو استحاضہ نے طہارت کی مہلت نہیں دی اب اتنا موقع ملتا ہے کہ وضو کر کے نماز پڑھ لے مگر اب بھی ایک ایک دفعہ ہر وقت میں خون آ جاتا ہے تو اب بھی معذور ہے یوں  ہی تمام بیماریوں میں اور جب پورا وقت گزر گیا اور خون نہیں آیا تو اب معذور نہ رہی جب پھر کبھی پہلی حالت پیدا ہو جائے تو پھر معذور ہے اس کے بعد پھر اگر پورا وقت خالی گیا تو عذر جاتا رہا ۔(بہار شریعت جلد اول حصہ دوم صفحہ نمبر ۳۸۵ مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

واللہ تعالی اعلم بالصواب

کتبہ

 ابو عبداللہ محمد ساجد چشتی





Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad