(جو اٹھنے بیٹھنے سے معذور ہو وہ نماز کس طرح پڑھے؟)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکا تہ
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ زید کا آپریشن ہوا اور ڈاکٹر نے اٹھنے بیٹھنے سے منع کردیا اب زید نماز کیسے پڑھے؟ جبکہ زید پر غسل بھی واجب ہے۔
المستفتی:۔نظام الدین کانپور
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب
صورت مستفسرہ میں زید اولاًتیمم کرے پھر جس طرح ممکن ہونمازپڑھے خواہ اشارے سے یا لیٹ کر کیونکہ ایسا شخص جس پر غسل و وضو فرض ہے اور وہ پانی پر قدرت نہیں رکھتا تو ایسے اشخاص عند الشرع معذور ہیں اور ایسے کیلئے تیمم ہے جیسا کہ حضور صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ جس کا وضو نہ ہو یا نہانے کی ضرورت ہو اور پانی پر قدرت نہ رکھتا ہو تو وضو و غسل کی جگہ تیمم کرے پانی پر قدرت نہ ہونے کی چند صورتیں ہیں،ایسی بیماری کہ وضو یا غسل سے اس کے زیادہ ہونے یا دیر میں اچھا ہونے کا صحیح اندیشہ ہو خواہ یوں کہ اس نے خود آزمایا ہو کہ جب وضو یا غسل کرتا ہے تو بیماری بڑھتی ہے یا یوں کہ کسی مسلمان اچھے لائق حکیم نے جو ظاہراً فاسق نہ ہو کہہ دیا کہ پانی نقصان کرے گا،محض خیال ہی خیال بیماری بڑھنے کا ہو تو تیمم جائز نہیں یوں ہی کافر یا فاسق یا معمولی طبیب کے کہنے کا اعتبار نہیں۔(بہار شریعت جلد اول حصہ دوم صفحہ نمبر ۵۳)
اور در المختار وردالمحتار میںہے ’’ تیمم لمرض او یشتد او یمتد بغلبۃ ظن‘‘(عن امارۃ او تجربۃ شرح منیہ) او قول طبیب.حاذق مسلم غیر ظاہر الفسق اھ بالالنقاط.(الدرالمختار.کتاب الطہارۃ باب التیمم مطبع مجتبائی دہلی؍ فتاوی رضویہ جلد اول صفحہ ۶۱۹؍رضا فاؤنڈیشن)
اب رہا قیام کا مسئلہ تو فرض و واجب و سنتِ فجر میں قیام فرض ہے بلا عذر صحیحہ بیٹھ کر نماز پڑھنا جائز نہیں عذر شرعی کی تفصیل بیان کرتے ہوئے صدر الشریعہ رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں کہ کھڑے ہونے یا سجدہ کرنے میں زخم بہتا ہو یا کھڑے ہونے میں قطرہ آتا ہے یا کھڑے ہونے پر ناقابل برداشت تکلیف ہوتی ہے یا کھڑے ہونے سے مرض دیر سے اچھا ہوگا تو اب ایسی مجبوریوں پر قیام ساقط ہو جاتا ہے اب ایسا شخص بیٹھ کر نماز پڑھے لیکن اگر اتنی دیر کہ لفظ اللہ أکبر کھڑے ہو کر بولنے پر قادر ہے تو اس پر فرض ہے کہ کھڑے ہو کر اللہ أکبر بولے پھر بیٹھ جائے ۔(فتاوی علیمیہ جلد اول ص۱۴۴) ۔واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ
محمد الطاف حسین قادری
کمپیوژ و ہندی میں ٹرانسلیٹ کے لئے اس پر کلک کریں
واحدی لائبریری کے لئے یہاں کلک کریں
हिन्दी फतवा के लिए यहाँ किलिक करें
مسائل یوٹوب پر سسنے کے لئے یہاں کلک کریں
آپ سے گزارش ہے کہ صحیح تبصرے کریں، اور غلط الفاظ استعمال نہ کریں۔