( جمعہ کا خطبہ نماز سے پہلے کیوں پڑھتے ہیں؟)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکا تہ
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ جمعہ کا خطبہ نماز سے پہلے اور عید کا خطبہ نماز کے بعد کیوں پڑھتے ہیں؟ دلیل کے ساتھ جواب عنایت کریں
المستفتی:۔محمد عقیل رضا متعلم دارالعلوم اہلسنت غریب نواز بارسوئی کٹیہار
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب
خطبہ جمعہ واجب ہے اور عیدین کا خطبہ سنت ہے لہذا واجب شئی پر مقدم ہوتا ہے فتاوی مرکز تربیت افتاء میں ہے:خطبۂ جمعہ نماز سے پہلے اس لئے ضروری ہے کہ وہ جمعہ کے لئے شرط ہے اور شرط شئی شئی پر مقدم رہتی ہے درمختار میں ہے’’ کونھا قبلھا لان شرط شئی سابق علیہ۔(جلد سوم ص۱۹؍باب الجمعہ)
اور عیدین میں خطبہ بعد میں اس لئے ہے کہ سرکار مدینہ قرار قلب و سینہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے یہی ثابت ہے نیز خطبہ عیدین کی مشروعیت بندے کی تعلیم ونصیحت کے لئے ہوئی کہ عید کے دن ان کے لئے کیا واجب ہے اسی لئے نماز سے مؤخر ہے تاکہ اس نصیحت اور تعلیم پر عمل زمانہ تعلیم سے قریب ہو ۔
بخاری شریف میں ہے’’عن ابن عباس قال شہدت العید مع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم وابی بکر وعمر وعثمان فکلھم کانوا یصلون قبل الخطبۃ ‘‘حضرت ابن عباس سے مروی ہے انہوں نے فرمایا کہ میں نے سرکار صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت ابوبکر وعمر وعثمان رضی اللہ عنہم ہر ایک کے ساتھ نماز عید ادا کی تو سب نے نماز عیدین خطبہ سے پہلے پڑھائی اور بعد میں خطبہ دیا ۔( فتاوی مرکز تربیت افتاء جلد اول ص ۳۲۰)واللہ اعلم بالصواب
کتبہ
العبدالاثیم غلام غوث رضوی اجملی
کمپیوژ و ہندی میں ٹرانسلیٹ کے لئے اس پر کلک کریں
واحدی لائبریری کے لئے یہاں کلک کریں
हिन्दी फतवा के लिए यहाँ किलिक करें
آپ سے گزارش ہے کہ صحیح تبصرے کریں، اور غلط الفاظ استعمال نہ کریں۔