(عید میلاد النبیﷺ 01)
14 سو سالہ ائمہ اسلام کی نظر میں
بسم الله الرحمن الرحیم
شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ ( وفات 1052ھ) برصغیر کی وہ عظیم ہستی گزری ہے جو اہل علم کے نزدیک کسی تعارف کے محتاج نہیں۔ فن حدیث کے حوالے سے آپ ہر مکتبہ فکر کے نزدیک ایک مستند اور قابل اعتماد محدث تسلیم کئے جاتے ہیں ۔ کئی کتابوں کے مصنف اور ایک زبردست عاشق رسول بزرگ گزرے ہیں۔ آپ کی ایک مشہور عربی کتاب مَا ثَبَتَ بِالسُّنَّة بھی ہے، جس میں سال کے بارہ مہینوں کے اعمال سنت رسول ﷺ کی روشنی میں بیان کئے گئے ہیں۔ ماہ ربیع الاول میں میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے آج ہمارے معاشرے میں جو شکوک و شبہات عام طور پر پائے جاتے ہیں ان کا علاج بھی شیخ محقق کی اس کتاب میں موجود ہے۔ ہم قارئین کے سامنے مذکورہ کتاب سے چند اقتباسات پیش کر رہے ہیں جو ان شکوک وشبہات کے دفعیہ کیلئے مفید ثابت ہونگے ۔ ( ان شاء اللہ تعالی )
میلاد دالنبی کے متعلق شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کی اس کتاب سے چند اقتباسات ملاحظہ فرمائیں :شب ولادت شب قدر سے افضل!سرور عالم ﷺ کی شب ولادت یقیناً شب قدر سے زیادہ افضل ہے کیونکہ شب ولادت آپ ﷺ کی پیدائش و جلوہ گری کی شب ہے اور شب قدر آپ ﷺ کو عطا کی ہوئی شب ہے۔(ماثبت بالسنة صف نمبر 84)
ہر نعمت و رحمت نبی کریم ﷺ کے وسیلہ سے
حضور نبی کریم ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے تمام جہانوں کے لئے رحمت بنایا ہے اور آپ ﷺ ہی کی ذات والا صفات کے سبب سے آسمانی و زمینی تمام مخلوقات کو اللہ نے عام نعمتیں عطا فرمائی ہیں۔ (صفحہ نمبر 84)
میلاد کی خوشی کرنے سے ابولہب کافر کو بھی فائدہ!
ابولہب کی باندیوں میں سے ثویبہ لونڈی نے ابولہب کو رسول اکرم کی ولادت کی خوشخبری دی جسے سن گر ابولہب نے اپنی اس باندی ثویبہ کو آزاد کر دیا۔ ابولہب کے مرنے کے بعد اس کے کسی ساتھی نے اسے خواب میں دیکھ کر اس کا حال پوچھا تو جواب دیا جہنم میں پڑا ہوں البتہ اتنا ضرور ہے کہ ہر پیر کی رات کو عذاب میں تخفیف ہو جاتی ہے۔ اور اپنی ان دو انگلیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ان انگلیوں سے میں نے اپنی لونڈی ثویبہ کو اس لئے آزاد کیا تھا کہ اس نے رسول اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشخبری دی تھی۔ اس صلہ میں ان دونوں انگلیوں سے کچھ پانی پی لیتا ہوں ۔(صفحہ85-84)
طالب دعا
عبد اللطیف قادری پورنیہ بہار
8294938262
آپ سے گزارش ہے کہ صحیح تبصرے کریں، اور غلط الفاظ استعمال نہ کریں۔