AD Banner

(زانی کے لئے کیا حکم ہے؟)

 (زانی کے لئے کیا حکم ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ
مسئلہ:۔ کیا فرما تے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ اگر کوئی شخص زنا کرتا ہے اور اس گناہ کو لوگوں کو بتاتا ہے بغیر کسی افسوس کے اور اسی لڑکی سے فون پر بات چیت کرتا ہے اور شادی کا ارادہ بھی ہے تو ایسے شخص کے ساتھ کھانا، پینا، کیسا ہے وہ بھی اسی مارکیٹ میں ہے جسمیں میری دکان ہے۔جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی۔ 
المستفتی:۔ محمد صیف سیتاپور
وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکا تہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
الجــــــــواب بعون الملک الوہاب اللہم ہدایۃ الحق والصواب
 زنا گناہ کبیرہ ہے اللہ تعالی قرآن شریف میں ارشاد فرماتاہے:’’ اَلزَّانِیَۃُ وَ الزَّانِیْ فَاجْلِدُوْا کُلَّ وَاحِدٍ مِّنْہُمَا مِائَۃَ جَلْدَۃٍ  وَّ لَا  تَاْخُذْکُمْ بِہِمَا رَاْفَۃٌ  فِیْ دِیْنِ اللّٰہِ  اِنْ کُنْتُمْ تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰہِ وَ الْیَوْمِ الْاٰخِرِ  وَ لْیَشْہَدْ عَذَابَہُمَا طَآئِفَۃٌ مِّنَ الْمُؤْمِنِیْنَ ‘‘ جو عورت بدکار ہو اور جو مرد تو ان میں ہر ایک کو سو کوڑے لگاؤ اور تمہیں ان پر ترس نہ آئے اللہ کے دین میں اگر تم ایمان لاتے ہو اللہ اور پچھلے دن پر اور چاہیے کہ ان کی سزا کے وقت مسلمانوں کا ایک گروہ حاضر ہو۔(کنز الایمان ،سورہ نور۲)
پھر لوگوں کو بتانا ایک اور گناہ ہے کہ گناہ کو ظاہر کرنا گناہ ہے اگر اسلامی حکومت ہوتی تو ایسے شخص کو سخت سزائیں دیتی لیکن جہاں اسلامی حکومت نہ ہو وہاں کو ئی اور سزا نہیں دے سکتا البتہ جملہ مسلمان بائیکاٹ کردیں انکے ساتھ کھانا پینا بند کردیں جیسا کہ قرآن شریف میں ہے’’ وَ اِمَّا یُنْسِیَنَّکَ الشَّیْطٰنُ  فَلَا تَقْعُدْ بَعْدَ  الذِّکْرٰی  مَعَ الْقَوْمِ  الظّٰلِمِیْنَ‘‘ اور جو کہیں تجھے شیطان بھلاوے تو یاد آئے پر ظالموں کے پاس نہ بیٹھ۔(کنز الایمان، سورہ انعام ۶۹)
ہاں اگر تو بہ استغفار کرلے بعد توبہ کار خیر کرنے کے لئے کہیں مثلا مسجد میں جن چیزوں کی ضرورت ہو وہ لاکر دیں اور میلاد وغیرہ کریں اور غریبوں میں صدقات و خیرات کریں کہ اعمال صالحہ قبول توبہ میں معاون ہوتے ہیں جیسا کہ قرآن شریف میں ہے: ’’اِلَّا مَنْ تَابَ وَ اٰمَنَ وَ عَمِلَ عَمَلًا صَالِحًا فَاُولٰٓئِکَ یُبَدِّلُ اللّٰہُ سَیِّاٰتِہِمْ حَسَنٰتٍ وَ کَانَ  اللّٰہُ  غَفُوْرًا  رَّحِیْمًا‘‘ مگر جو توبہ کرےاور ایمان لائے اور اچھا کام کرے تو ایسوں کی برائیوں کو اللہ بھلائیوں سے بدل دے گا اور اللہ بخشنے والا مہربان ہے۔(کنز الایمان ،سورہ فرقان آیت ۷۰)
اگر بعد توبہ اپنی حرکت سے باز آجائے تو مل جل کر رہ سکتے ہیں ان کے گھر کھا بھی سکتے ہیں اور اگر توبہ نہ کرے تو بالکل بائیکاٹ کردیں اگرچہ کئی سال گزرجائے۔ واللہ اعلم بالصواب 
کتبہ
فقیر تاج محمد قادری واحدی
Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad