AD Banner

{ads}

(سیرت غوث پاک رضی اللہ عنہ 13)

  (سیرت غوث پاک رضی اللہ عنہ 13)


  کشف وکرامات

 آپ کے کشف وکرامات کے متعلق حضرت شیخ عبد الحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اخبارالاخیار میں ارشاد فرماتے ہیں: آپ سے لا تعداد کرامتیں ظاہر ہوئیں ،مخلوق کے ظاہر وباطن میں تصرف کرنا ،انسان اور جنات پر آپ کی حکومت ،لوگوں کے راز اور پوشیدہ امور سے واقفیت ،عالمِ ملکوت کے بواطن کی خبر، عالمِ جبروت کے حقائق کا کشف ،عالم ِ لاہوت کے سربستہ اسرار کا علم ، مواہبِ غیبیہ کی عطا ،باذنِ الٰہی حوادث ِ زمانہ کا تصرف وانقلاب ، باذنِ الٰہی مارنے اور جلانے کے ساتھ متصف ہونا ،اندھے اور کوڑھی کو اچھا کرنا ،مریضوں کی صحت ، بیماروں کی شفا، طے زمان ومکان ، زمین وآسمان پر اجرائے حکم ،پانی پر چلنا ،ہوا میں اڑنا ، لوگوں کے تخیل کا بدلنا ،اشیاء کی طبیعت کا تبدیل کر دینا ،غیب کی اشیاء کا منگانا ،ماضی ومستقبل کی باتوں کا بتانا اور اسی طرح کے دوسرے کرامات ِ مسلسل اور عام وخاص کے درمیان آپ کے قصد و ارادہ سے بلکہ اظہار ِ حقانیت کے طریقے پر ظاہر ہوئے اور مذکورہ کرامتوں میں سے ہر ایک سے متعلق اتنی روایات وحکایات ہیں کہ زبان وقلم ان کے احاطہ سے قاصر ہیں ۔

حضرت شیخ علی بن ہیئتی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ارشاد فرما تے ہیں کہ: میں نے اپنے زمانہ میں شیخ عبدالقادر سے زیادہ کرامت والا کوئی نہیں دیکھا جس وقت جس کا دل چاہتا آپ کی کرامت کا مشاہدہ کر لیتا اور کرامت کبھی آپ کے بارے میں کبھی آپ کی وجہ سے۔شیخ ابو مسعود احمد بن ابوبکر خزیمی اور شیخ ابو عمر عثمان صریفینی نے فرمایا کہ : حضرت شیخ عبدالقادر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی کرامتیں اس ہار کی طرح ہیں جس میں جوہر تہ بہ تہ ہیں ۔

     شیخ شہاب الدین عمر سہروردی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ : شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ بادشاہِ طریقت اور موجودات میں تصرف کرنے والے تھے اور منجانب اللہ آپ کو تصرف وکرامتوں کا ہمیشہ اختیار حاصل رہا ۔امام عبداللہ یافعی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کا بیان ہے کہ : آپ کی کرامتیں حدِّ تواتر تک پہنچ گئی ہیں اور بالاتفاق سب کو اس کا علم ہے ۔دنیا کے کسی شیخ میں ایسی کرامتیں نہیں پائی گئیں ۔(اخبارالاخیار فارسی ۔ص۲۰،۲۱)

طالب دعا

عبداللطیف قادرى بَـڑَا رَھُــوَا بـَائِسـیْ پُوْرنِیَہ (بِہَار



Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner