AD Banner

{ads}

کونڈے کی نیاز کس تاریخ میں کرنا چاہیے ؟

 کونڈے کی نیاز  کس تاریخ میں کرنا چاہیے ؟ 

مسئلہ: کونڈے کی نیاز  کس تاریخ میں کرنا چاہیے ؟ 
بسم الله الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب 
    کونڈے کی نیاز 22رجب و 15 رجب دونوں دن کرسکتے ہیں  کیونکہ مختلف روایتیں ہیں اس تعلق سے جیسا کہ صاحب تفسیر نعیمی  مفتی احمد یار خان نعیمی  علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں رجب شریف کے مہینہ کی 22 تاریخ کو ہندو پاک  میں کونڈے ہوتے ہیں , یعنی نۓ کونڈے منگاۓ جاتے ہیں اور سوا سیر میدا سوا پاؤ شکر سوا پاؤ گھی کی پوریاں بنا کر حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فاتحہ کرتے ہیں , فاتحہ ہر برتن میں اور ہر کونڈے پر ہوجاۓ گی, اگر صرف زیادہ صفائی کے لئے نۓ کونڈے منگالیں تو کوئی حرج نہیں, دوسری فاتحہ کے کھانوں کی طرح اس کو بھی باہر بھیجا جا سکتا ہے , اس لئے کہ بائیسویں رجب کو حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فاتحہ کرنے سے بہت اڑی ہوئی مصیبت ٹل جاتی ہے,
(اسلامی زندگی "صفحہ  75 /133) 
     مفتئ پاکستان حضرت علامہ ابوالبرکات سید احمد قادری رضوی علیہ الرحمۃ والرضوان فرماتے ہیں گیارہویں شریف,  شب برأت , عرس وچہلم کی طرح 22رجب المرجب کو حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی نیاز کے لئے کونڈے بھرنا بھی اہل سنت کے معمولات میں سے ہے اور اس کے جواز کے وہی دلائل ہیں جو فاتحہ ایصال ثواب وغیرہ کے ہیں ,*_
اور امام اہل سنت محدث اعظم پاکستان حضرت قبلہ شیخ الحدیث علامہ ابوالفضل محمد سردار احمد لائل پوری بانی دارالعلوم مظہر اسلام بریلی ولائل پور فرماتے ہیں سیدنا حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فاتحہ کے لئے 22 رجب کو کونڈے بھی شرعاً جائز وباعث خیر وبرکت ہے۔
    اور مرکز اہل سنت بریلی شریف میں اعلیٰ حضرت عظیم البرکت امام اہل سنت سرکار اعلیٰ حضرت امام احمد رضا محدث بریلوی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے شہزادگان کرام اور خانوادہ کے افراد میں 22 رجب کے کونڈوں کی تقریب منائی جاتی ہے ,
بحوالہ "کونڈوں کی فضیلت بجواب کونڈون کی حقیقت " (صفحہ نمبر "7/10 )
    اور فقیہ ملت علیہ الرحمہ کے مصدقہ فتاویٰ فقیہ ملت جلد دوم صفحہ 265میں ہے:ماہ رجب میں کونڈے کے نام پر حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی نیاز کرنا جاٸز ودرست ہے۔ فقیہ اعظم ہند حضرت صدر الشریعہ علیہ الرحمة والرضوان تحریر فرماتے ہیں ”ماہ رجب میں حضرت سیدنا امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کے ایصال ثواب کے لیے پوریوں کے کونڈے بھرے جاتے ہیں اور فاتحہ دلا کر کھلاتے ہیں یہ جاٸز ہے۔بہار شریعت حصہ 16 صفحہ نمبر 244لیکن 22 رجب کے بجاۓ حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی نیاز 15 پندرہ رجب کوکریں کہ حضرت کا وصال ١٥ رجب ہی کو ہوا ہے نہ کہ 22 رجب کو ۔البتہ 22 رجب کو حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کا وصال ہوا ہے تو شیعہ اس تاریخ میں حضرت امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے وصال کی خوشی میں عید مناتے ہیں ۔اور از راہ فریب اسے حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی نیاز کہتے ہیں۔لہذا سنی حضرات پر لازم ہے کہ وہ شیعوں کی موافقت سے دور رہیں 22 رجب کو حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی نیاز ہر گز نہ کریں بلکہ 15 رجب کو حضرت کا وصال ہوا ہے تو اسی تاریخ میں انکی نیاز کریں " اھ   
    حاصل کلام یہ کہ کونڈے کی نیاز 22 رجب کو کریں یا 15 رجب   دونوں دن کرنا درست ہے کہ ایصال ثواب کے لیے وقت کی کوئی قید نہیں ایسا ہی فتاویٰ رضویہ جدید جلد 9 میں ہے واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
۱۸ رجب المرجب ۱۴۴۳ ھجری

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner