AD Banner

{ads}

(مندر کی تعمیر میں حصہ لینا کیسا ہے؟)

 (مندر کی تعمیر میں حصہ لینا کیسا ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرما تے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ زیدجوایک مسلمان شخص ہے اس نے رام مندر کی تعمیر میں ایک سو گیارہ ۱۱۱ ؍بوری سیمنٹ پیش کی ہےاب دریافت طلب امر یہ ہے کہ اس کے اس عمل سے اس کے دین و ایمان میں کچھ خلل واقع ہوگا یا نہیں۔بینواوتوجروا ۔   
المستفتی:۔محمد حسن اللّٰہ مقام پھرٹھیا،گڑھوا

  وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
الجواب بعون الملک الوہاب

  یہ فعل قطعاً ناجائز وحرام ہے کہ یہ شرک پر اعانت ہے / اور اعانت کے متعلق اللہ عزوجل قرآن عظیم برہان رشید میں ارشاد فرماتا ہے (ولا تَعَانُوا عَلَی الِاثمِ وَالعُدوَانِ)ترجمۂ کنز الایمان اور گناہ اور زیادتی پر باہم مدد نہ دو ـ( پارہ ۶ سورہ المائدہ آیت ۲ ) 
  تشریح  اور زیادتی و گناہ اور انتقام لینے اور دل کی آگ بجھانے کے لیے دشمن پر ظلم و زیادتی کرنے میں تم ایک دوسرے کی مدد نہ کرو ) ( تفسیر مدارک جلد اول سورۂ مائدہ آیت ۲ ) 
   اور حضور شارح بخاری حضرت علامہ مفتی شریف الحق امجدی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں مندر کی تعمیر میں چندہ دینا حرام قطعی و گناہ عظیم ہے بلکہ منجر الی الکفر مندر بت کدہ ہے اس میں پوجا ہوگی مندر میں چندہ دینے کا مطلب اعانت علی الشرک ہے مزید حضور شارح بخاری علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کفر وشرک پر اعانت کفر وشرک پر رضا یہ دونوں الگ کفر ہیںاور اللہ سبحانہ وتعالی قرآن مقدس میں ارشاد فرماتا ہے(انَّکم اِذًامّثلھم.)
  اور فتاویٰ عالمگیری میں ہے ( ان من ساعد علی ذالك فھو راضی بالکفر والرضا بالکفر کفر )( فتاویٰ شارح بخاری جلد دوم صفحہ ۵۷۲؍ ۵۷۳)
   اگر زید اپنی جیب سے رام مندر کے تعمیر کے لئے علی الاعلان چندہ دیا ہے بغیر کسی کے دباؤ وچاپلوسی کے اپنی مرضی سے تو گویا وہ کفر وشرک پر راضی ہے اور کفر پر رضا بھی کفر ہے .لہذا ایسے شخص کا اسلام سے کوئ تعلق نہیں رہا  اس پر لازم ہے کہ توبہ وتجدید ایمان و تجدید نکاح کرے ـہاں اگر جان مال عزت آبرو کے ڈر سے دیا اور اعانت علی الشرک کی نیت سے نہیں دیا بلکہ ویسے ہی دے دیا تو ایسی صورت میں کفر سے بچ جائے گا مگر گنہ گار ضرور ہوگا اور اس سے توبہ کرنا لازم ہوگا۔واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ
محمد صفی اللہ رضوی خان 
الجواب صحیح والمجیب مصیب
ابوالحسنین محمد عارف محمود معطر قادری




Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner