AD Banner

{ads}

(کیا ہر دیوبندی وہابی کافر نہیں ہیں؟)

 (کیا ہر دیوبندی وہابی کافر نہیں ہیں؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ کیا ہر دیوبندی وہابی گستاخ رسول کافر نہیں ہیں جیسا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں تفصیلاً جواب عنایت فرمائیں
المستفتی:۔ حافظ محسن رضا قادری

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب

آج کل کے بہت سے دیوبندی صرف نام کے دیوبندی ہیں، انہیں عقائد علمائے دیوبند کی خبر بھی نہیں ہوتی ایسے لوگ صرف نماز و روزہ دیکھ کر پھنس جاتے ہیں ہمیں اُن کی اصلاح کرنی چاہیے انہیں اپنے قریب لانا چاہے اُن کے ساتھ مسلمانوں جیسا سلوک کرنا چاہیے۔ جب تک کسی عام دیوبندی سے کسی قسم کی گستاخی بذاتِ خد نہ دیکھ لیں اُسے ہر گز کافر و مرتد نہ سمجھے اگر چہ وہ خود کو دیوبندی ہی کہے کیوں کہ اپنے آپ کو دیوبندی کہنے سے کوئی دیوبندی عقائد والانہیں ہو جاتا لہذا اُس پر وہ حکم نہیں جو دیوبندی عقیدہ رکھنے والے پر ہے۔ اہلِ سنت و جماعت (بریلوی) حنفی علماء کے نزدیک تمام دیوبندی کافر نہیں ۔ بلکہ صرف وہی دیوبندی کافر ہیں جنہوں نے معاذ اللہ، اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ و محبوبانِ ایزدی کی شان میں صریح گستاخیاں کی اور انتہائی تنبیہ کے باوجود انہوں نے اپنی گستاخیوں سے توبہ نہیں کی۔ اور وہ دیوبندی کافر ہیں جو اپنے اکابرین کی گستاخیوں کو جانتے ہیں اور ان گستاخیوں کو حق سمجھتے ہیں اور گستاخیاں کرنے والوں کو مومن، اہل حق اپنا مقتداء اور پیشوا مانتے ہیں۔ ان کے علاوہ باقی دیوبندی کافر نہیں ہیں۔غزالی زماں رازی دوراں حضرت علامہ مولانا پیر سید احمد سعید کاظمی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ اس بارے میں لکھتے ہیں۔ مسئلہ تکفیر میں ہمارا مسلک ہمیشہ سے یہی رہا ہے کہ جو شخص بھی کلمۂ کفر بول کر اپنے قول یا فعل سے التزام کفر کر لے گا تو ہم اس کی تکفیر میں تامل نہیں کریں گے خواہ وہ دیوبندی ہو یا بریلوی، لیگی ہو یا کانگریسی، نیچری ہو یا ندوی۔ اس بارے میں اپنے پرائے کا امتیاز کرنا اہل حق کا شیوہ نہیں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایک لیگی نے کلمۂ کفر بولا تو ساری لیگ کافر ہو گئی یا ایک ندوی نے ایک التزام کفر کیا تو معاذ اللہ سارے ندوی مرتد ہوگئے۔ ہم تو بعض دیوبندیوں کی عباراتِ کفریہ کی بناء پر ہر ساکن دیوبند کو بھی کافر نہیں کہتے۔ چہ جائے کہ تمام لیگی اور سارے ندوی کافر ہوں۔ ہم اور ہمارے اکابر نے بارہا اعلان کیا کہ ہم کسی دیوبند یا لکھنؤ والے کو کافر نہیں کہتے۔ ہمارے نزدیک صرف وہی لوگ کافر ہیں جنہوں نے معاذ اللہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ و محبوبانِ ایزدی کی شان میں صریح گستاخیاں کیں اور باوجود تنبیہ شدید کے انہوں نے اپنی گستاخیوں سے توبہ نہیں کی۔ نیز وہ لوگ جو ان کی گستاخیوں کو حق سمجھتے ہیں اور گستاخیاں کرنے والوں کو مومن، اہل حق اپنا مقتداء اور پیشوا مانتے ہیں اور بس۔ ان کے علاوہ ہم نے کسی مدعی اسلام کی تکفیر نہیں کی۔ ایسے لوگ جن کی ہم نے تکفیر کی ہے اگر ان کو ٹٹولا جائے تو وہ بہت قلیل اور محدود افراد ہیں۔ ان کے علاوہ نہ کوئی دیوبند کا رہنے والا کافر ہے نہ بریلی کا، نہ لیگی نہ ندوی ہم سب مسلمانوں کو مسلمان سمجھتے ہیں۔(حوالہ مقالات کاظمی :حصہ نمبر  دوم ،صفحہ نمبر ۲۰)واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب 
 کتبہ
محمد صفی اللہ خان رضوی 

الجواب صحیح  والمجیب نجیح 
محمد نسیم رضا رضوی سلامی


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner