AD Banner

{ads}

( نماز جنازہ پڑھانے کا زیادہ حقدار کون ہے؟)

 ( نماز جنازہ پڑھانے کا زیادہ حقدار کون ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ  جنازے کا پہلے حق کن کو ہے اور یہ وضاحت ضرور فرما دیں کہ نمازہ جنازہ  میں ولی سے مراد کیا ہے ولی یعنی (میت  کے واثا) پھر اور کچھ جزاک الله۔
المستفتی:۔ رضا کراچی پاکستان
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب
نماز جنازہ پڑھانے حقدار سلطان اسلام یعنی بادشاہ وقت ہے اور اگر وہ موجود نہ ہو تو قاضئ شہر ـ اگر وہ بھی نہ ہو تو امام جمعہ اور وہ بھی نہ تو امام محلہ اور اگر وہ بھی موجود نہ ہو تو اولیا میت ترتیب وراثت کے مطابق جیسا کہ ہدایہ اولین میں ہے (واولی الناس بالصلوٰة علی المیت السلطان ان حضر فان لم یضر فالقاضی فان لم یحضر فیستحب تقدیم امام الحی ثم الولی والاولیاء علی الترتیب المذکور فان صلی غیر والولی والسلطان اعادہ الولی وان صلی الولی لم یجز لاحد ان یصلی بعدہ ـ اھ
 (صفحہ نمبر ۱۶۰)
 نماز جنازہ پڑھانے کا سب سے زیادہ مستحق بادشاہ ہے ـ پھر قاضی ـ پھر محلہ کا امام ـ اور پھر ولی میت اور اولیاء میں ترتیب وراثت کے اعتبار سے ہوگا ـ پس اگر غیر ولی و یاسلطان نے نماز جنازہ پڑھا دیا تو ولی کو اعادہ کا اختیار ہے اور اگر سلطان یاولی نے پڑھائی تو اب کسی کے لیے اس میت پر دوبارہ نماز جنازہ پڑھنا جائز نہیں ہے۔
 ایسا ہی فتاوی امجدیہ میں غنیہ کے حوالے سے مذکور ہے۔ اور ایسا ہی حضور فقیہ اعظم صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرت علامہ مفتی محمد امجد علی اعظی علیہ الرحمہ بہار شریعت میں تحریر فرماتے ہیں نماز جنازہ میں امامت کا حق بادشاہ اسلام کو ہے، پھر قاضی، پھر امام جمعہ، پھر امام محلہ، پھر ولی کو، امام محلہ کا ولی پر تقدم بطور استحباب ہے اور یہ بھی اُس وقت کے ولی سے افضل ہو ورنہ ولی بہترہے۔ولی سے مراد میّت کے عصبہ ہیں اور نماز پڑھانے میں اولیا کی وہی ترتیب ہے جو نکاح میں  ہے، صرف فرق اتنا ہے کہ نماز جنازہ میں میّت کے باپ کو بیٹے پر تقدم ہے اورنکاح میں بیٹے کو باپ پر، البتہ اگر باپ عالم نہیں اور بیٹا عالم ہے تو نماز جنازہ میں بھی بیٹا مقدم ہے، اگر عصبہ نہ ہوں تو ذوی الارحام غیروں پر مقدم ہیں (درمختار، ردالمحتار)(حوالہ الدرالمختار‘‘، کتاب الصلاۃ، باب صلاۃ الجنازۃ، ج۳، ص۱۳۱۔)(جلد نمبر ۱ حصہ نمبر ۴ صفحہ نمبر ۸۳۶ / مسئلہ نمبر  ۷/ ۸/ ۹/ نماز جنازہ کون پڑھائے / ودیگر عامہ کتب فقہ وفتاوی)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب 
 کتبہ
محمد صفی اللہ خان رضوی 
الجواب صحیح والمجیب نجیح 
محمد مقصود عالم فرحت ضیائی 






Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner