AD Banner

{ads}

( عورتوں کو گھنگھرو والا پازیب پہننا شرعاً کیسا ہے؟)

 ( عورتوں کو گھنگھرو والا پازیب پہننا شرعاً کیسا ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ عورت کا پازیب، بنام وہ پایل جس میں گھنگھرو کی آواز ہو اس کا پہننا کیسا ہے جواب عنایت فرماکر شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں
المستفتی:۔محمد آفتاب عالم رضوی سنت کبیر نگر یوپی

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب

صورت مسئلہ میں آپ کا جواب یہ ہے کہ عورتوں کو ایسے پازیب پہننا جائز نہیں جیسا کہ اللہ سبحانہ تعالی ارشاد فرماتا ہے( وَلَا یَضْرِبْنَ بِاَرْجُلِهِنَّ لِیُعْلَمَ مَا یُخْفِیْنَ مِنْ زِیْنَتِهِنَّ-وَ تُوْبُوْۤا اِلَى اللّٰهِ جَمِیْعًا اَیُّهَ الْمُؤْمِنُوْنَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُوْنَ (سورۃ النور، آیت ۳۱)

اور زمین پر اپنے پاؤں اس لئے زور سے نہ ماریں کہ ان کی اس زینت کا پتہ چل جائے جو انہوں نے چھپائی ہوئی ہے اور اے مسلمانو! تم سب اللہ کی طرف توبہ کرو اس امید پر کہ تم فلاح پاؤ۔

یعنی عورتیں چلنے پھرنے میں پاؤں اس قدر آہستہ رکھیں کہ اُن کے زیور کی جھنکار نہ سُنی جائے۔ اسی لئے چاہیے کہ عورتیں بجنے والے جھانجھن نہ پہنیں۔ حدیث شریف میں ہے کہ اللہ تعالیٰ اس قوم کی دعا نہیں قبول فرماتا جن کی عورتیں جھانجھن پہنتی ہوں۔ اس سے سمجھ لیناچاہیے کہ جب زیور کی آواز دعا قبول نہ ہونے کا سبب ہے تو خاص عورت کی آواز اور اس کی بے پردگی کیسی اللہ تعالیٰ کے غضب کو لازم کرنے والی ہوگی۔ پردے کی طرف سے بے پروائی تباہی کا سبب ہے(بحوالہ ؛ تفسیر احمدی، النور، تحت الآیۃ :۳۱،صفحہ نمبر ۵۶۵ ، خزائن العرفان، النور، تحت الآیۃ:۳۱ ، صفحہ نمبر ۶۵۶ ،ملتقطاً:)(حوالہ؛صراط الجنان فی تفسیر القرآن)

سونے چاندی کا ہر قسم کا زیور زینت کے لیے پہننا عورت کو جائز ہے،ہاں البتہ وہ زیور جس کو پہن کر چلنے سے آوازنکلتی ہو اور فتنے کا اندیشہ ہو تو اس کا استعمال جائز نہیں، اگر پازیب کی بناوٹ ایسی ہے کہ اسے پہن کر باہر نکلنے اور چلنے سے جھنکار کی آواز آتی ہے تو اس کا استعمال درست نہیں۔ البتہ ایسے پازیب جو سونے چاندی سے بنے ہو اور ایسی کوئی شئی ان میں نہ جڑی ہوجس سے جھنکار کی آواز پیدا ہوتی ہو اور نہ ہی چلتے وقت ان پر غیر مردوں کی نگاہ پڑنے کااندیشہ ہو تو ایسے پازیب کا پہننا درست ہے۔واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
 کتبہ 
محمد صفی اللہ خان رضوی 
الجواب صحیح والمجیب نجیح
 محمد الفاظ قریشی نجمی





Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner