AD Banner

{ads}

(کون کون سے مسائل کس کس پر سیکھنا فرض ہے؟)

 (کون کون سے مسائل کس کس پر سیکھنا فرض ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ  کون کون سے مسائل کا سیکھنا فرض ہے بحوالہ جواب دیکر شکریہ کا موقع فراہم کریں ـ
المستفتی:۔حافظ ابراہیم رضا خان۔

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب

آج کل صرف اور صرف دنیاوی علوم ہی کی طرف ہماری اکثریت کا رجحان ہے علم دین کی طرف بہت ہی کم میلان ہے ۔  حدیثِ پاک میں ہے ( طَلَبُ العِلْمِ فَرِیْضَۃٌ عَلٰی کُلِّ مُسْلِمٍ ) یعنی علم کا طلب کرنا ہرمسلمان مرد (و عورت ) پرفرض ہے(سنَن ابن ماجہ ج۱ ص ۱۴۶ حدیث ۲۲۴ )

اس حدیث پاک کے تحت حضور سیدی سرکار اعلیٰ حضرت، امام امام احمد رَضا خان قدس سرہ جو کچھ فرمایا اس کا آسان لفظوں میں مختصراً خُلاصہ عرض کرنے کی کوشِش کرتا ہوں ۔ سب میں  اولین و اہم ترین فرض یہ ہے کہ بُنیادی عقائد کا علم حاصِل کرے جس سے آدمی صحیح العقیدہ سنی بنتا ہے اور جن کے انکار و مخالَفَت سے کافِر یا گُمراہ ہو جاتا ہے اِس کے بعد مسائلِ نَماز یعنی اس کے فرائض و شرائط و مفسدات (نماز توڑنے والی چیزیں/ سیکھے تاکہ نَماز صحیح طور پر ادا کر سکے ۔  پھر جب رمضان الْمبارَک کی تشریف آوری ہو تو روزوں کے مسائل مالک نصاب نامی ( یعنی حقیقۃً یا حکماً بڑھنے والے مال کے نِصاب کا مالک) ہو جائے توزکوٰۃ کے مسائل، صاحِبِ اِستِطاعت ہو تو مسائلِ حج، نِکاح کرنا چاہے تو اِس کے ضَروری مسائل ، تاجِر ہو تو خرید و فروخت کے مسائل، مزارِع یعنی کاشتکار ( اور زمیندار ) پرکھیتی باڑی کے مسائل، ملازِم بننے اور ملازِم رکھنے والے پر اجارہ کے مسائل ۔ وعلٰی ھٰذا الْقیاس( یعنی اور اسی پر قیاس کرتے ہوئے ) ہرمسلمان عاقِل و بالِغ مرد وعورت پر اُس کی موجودہ حالت کے مطابِق مسئلے سیکھنا فرضِ عین ہے ۔ اِسی طرح ہر ایک کیلئے مسائلِ حلال و حرام بھی سیکھنا فرض ہے  نیز مسائلِ قلب( باطنی مسائل) یعنی فرائض قلبیہ ( باطنی فرائض) مَثَلا عاجِزی و اِخلاص اور توکل وغیرہا اور ان کو حاصِل کرنے کا طریقہ اور باطِنی گناہ مَثَلاً تکبر ، رِیاکاری، حَسَد وغیرہا اور ان کا عِلاج سیکھنا ہر مسلمان پر اہم فرائض سے ہے.(حوالہ فتاوٰی رضویہ ج۲۳ ص ۶۲۳، ۶۲۴ )واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
 کتبہ 
محمد صفی اللہ خان رضوی 
الجواب صحیح
 ابو النعمان عطا محمد مشاہدی 


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner