AD Banner

{ads}

( اگر کُتا برتن میں مُنہ ڈالدے تو کیسے پاک کریں ؟)

 ( اگر کُتا برتن میں مُنہ ڈالدے تو کیسے پاک کریں ؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرما تے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ اگر کُتا کھانے پینے کے برتن میں مُنہ ڈالدے تو کیسے پاک کریں ؟جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہو گی 
المستفتی:۔محمد معین الدین رضوی

  وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم 
الجواب بعون الملک الوہاب

 اگر کسی برتن میں کتا منہ ڈال دے جس میں کھانے یا پینے کی چیز ہو تو وہ جوٹھی  چیز  ناپاک ہوجائے گی، کھانے پینے کی چیز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اور برتن بھی ناپاک ہوجائے گا، اس کے بعد اس کو تین مرتبہ دھونے سے وہ پاک ہوجائے گا۔ ایسا ہی ہدایہ میں ہے  وسؤر الكلب نجس  ويغسل الإناء من ولوغه ثلاثا لقوله عليه الصلاة والسلام  يغسل الإناء من ولوغ الكلب ثلاثا  ولسانه يلاقي الماء دون الإناء فلما تنجس الإناء فالماء أولى وهذا يفيد النجاسة والعدد في الغسل وهو حجة على الشافعي رحمه الله في اشتراط السبع ولأن ما يصيبه بوله يطهر بالثلاث فما يصيبه سؤره وهو دونه أولى والأمر الوارد بالسبع محمول على ابتداء الإسلام ‘‘ور کتا کا جوٹھا  ناپاک ہے تو اس کے برتن میں منھ ڈالنے کی وجہ سے تین مرتبہ برتن کو دھو یا جائے گا کیوں کہ آپ صلی اللہ تعا لی علیہ و سلم کا ارشاد گرامی ہے ـ کتا کے منھ ڈالنے سے برتن تین مرتبہ دھویا جائے ـ اور کتا کی زبان پانی سے لگتی ہے ناکہ برتن سے لہذا جب برتن ناپاک ہوگیاتو پانی بدرجۂ اولی ناپاک ہوگا ۔اور یہ حدیث پانی کے ناپاک ہونے اور برتن کے دھونے میں تین کا عدد ضروری ہونے کا فائدہ دے رہا ہے جو سات مرتبہ دھونے کی شرط لگانے کے سلسلے میں امام شافعی رضی اللہ تعالی عنہ پر حجت ہے اور اس لئے بھی کہ جس چیز کو کتا کا پیشاب لگ جائے وہ تین مرتبہ دھلنے سے پاک ہوجاتی ہے تو وہ چیز جس میں کتا کا جوٹھا لگ جائے وہ بھی تین مرتبہ دھونے سے پاک ہوجائے گی کیونکہ لعاب کی نجاست پیشاب سے کم تر ہے تو بدرجۂ اولی تین بار برتن  دھلنے سے پاک ہوجائے گا ۔(اللغات)

 سور کے معنی جوٹھا / ولوغ اسم مصدر ہے باب فتح  کتا یا درندہ کا برتن میں منہ ڈال کر زبان ہلانا یا زبان کے کنارے سے پینا۔(الہدایہ ج ۱ص ۱۶۹ ۔ احکام طہارت کا بیان)

 صحیح مسلم میں حضرت ابو ہریرہ ‌رضی ‌اللہ ‌عنہ ‌سےروایت ہےکہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا  طَهُورُ إِنَاءِ أَحَدِكُمْ إِذَا وَلَغَ فِيهِ الْكَلْبُ أَنْ يَغْسِلَهُ سَبْعَ مَرَّاتٍ، أُولَاهُنَّ بِالتُّرَابِ‘‘جب تمہارے برتن میں سے کتا پی لے تو اس کی طہارت ( یعنی پاک ہونا ) یہ ہے کہ اسے سات دفعہ دھوئے ، پہلی دفعہ مٹی کے ساتھ دھوئے( باقی چھ بار پانی کے ساتھ) (صحیح مسلم،کتاب الطہارہ، حدیث نمبر،۲۷۹ )

 یقول إِذَا وَلَغَ الْكَلْبُ فی اناء احدکم فليَغْسِلَهُ سَبْعَ مَرَّاتٍ،جب کتا کسی برتن میں منھ ڈال دے تو وہ اسے سات مرتبہ دھوئے۔
 اور مسلم کی ایک روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ تم میں سے جس کے برتن سے کتا پانی پی لے اس برتن کو پاک کرنے کی صورت یہ ہے کہ اسے سات مرتبہ دھو ڈالے اور پہلی مرتبہ مٹی سے دھوئے مگر حضرت امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ تعالی علیہ اس کو بھی دوسری نجاستوں کے حکم میں شمار کرتے ہوئے یہ فر ماتے ہیں کہ اس برتن کو صرف تین مرتبہ بغیر مٹی کے دھو ڈالنا کافی ہے وہ فرماتے ہیں کہ حدیث میں سات مرتبہ دھونے کا حکم جو دیا جا رہا ہے وہ وجوب کے طریقے پر نہیں ہے بلکہ اختیار کے طور پر ہے یا یہ کہ سات مرتبہ دھونے کا حکم ابتدائے اسلام میں تھا جو بعد میں منسوخ ہوگیا۔( شرح ابن ماجہ ج ۱ص ۶۹۱ / کتاب الطہارت )

اور حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ کتے نے برتن میں منہ ڈالاتو اگروہ چینی یا دھات کا ہے یا مٹی کا روغنی یا استعمالی چکنا تو تین بار دھونے سے پاک ہو جائے گا ورنہ ہر بار سکھا کر ہاں چینی میں بال ہو یا اور برتن میں درار ہو تو تین بار سکھا کر پاک ہوگا فقط دھونے سے پاک نہ ہوگا۔( بہار شریعت ج دوم نجس چیزوں کے پاک کرنے کا طریقہ )
عبارت کا حاصل  یہ ہے کہ اگر کتا کسی برتن میں منھ ڈال دے تو وہ برتن ناپاک ہوجائےگا اور اگر اس برتن میں پانی یا کوئی دوسری پاک چیز ہوگی تو وہ بھی ناپاک ہوجائے گی برتن کو پاک کرنے کا طریقہ  بیان کردیا گیا اسے تین مرتبہ دھولیا جائے کیونکہ ولوغ کلب کی وجہ سے وہ ناپاک ہوجاتا ہے تو اس میں موجود پانی تو بدرجۂ اولی ناپاک ہوجائے گا اس لئے کتا اپنی زبان سے پانی پیتا ہے اور اس کی زبانی پانی سے ہی لگتی ہے اور ٹچ  کرتی ہے / اور کتے کے چاٹے برتن کا تین بار دھونا واجب ہے اور سات بار دھونا اور پہلی اور آخری مرتبہ مٹی سے ملنا بھی مستحب ہےواللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
کتبہ
محمد صفی اللہ رضوی خان 
الجوابــــ صحیح والمجیب نجیح 
زاہد حسین قادری 



Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner