AD Banner

{ads}

(عیدالفطر کی نماز کا مکمل طریقہ؟)

 (عیدالفطر کی نماز کا مکمل طریقہ؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ  ادب کے ساتھ عرض غیبہ عید کی نماز کا مکمل طریقہ بتادیں بڑی مہر بانی ہوگی
المستفتی:۔ حافظ محمد شاہ رخ رضا خان

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب

 علامہ صدر الشریعہ علیہ الرحمہ فرماتے ہیںنماز عید کا طریقہ یہ ہے کہ دو رکعت واجب عیدالفطر یا عیداضحی کی نیت کر کے کانوں تک ہاتھ اٹھائے اور ﷲ اکبر کہہ کر ہاتھ باندھ لے پھر ثنا پڑھے پھر کانوں تک ہاتھ اٹھائے اور ﷲ اکبر کہتا ہوا ہاتھ چھوڑ دے پھر ہاتھ اٹھائے اور ﷲ اکبر کہہ کر ہاتھ چھوڑ دے پھر ہاتھ اٹھائے اور ﷲ اکبر کہہ کر ہاتھ باندھ لے یعنی پہلی تکبیر میں  ہاتھ باندھے، اس کے بعد دو تکبیروں میں ہاتھ لٹکائے پھر چوتھی تکبیر میں باندھ لے۔ اس کو یوں  یاد رکھے کہ جہاں  تکبیر کے بعد کچھ پڑھنا ہے وہاں  ہاتھ باندھ لیے جائیں اورجہاں پڑھنا نہیں وہاں ہاتھ چھوڑ دیے جائیں ، پھر امام اعوذ اور بسم ﷲ آہستہ پڑھ کر جہر کے ساتھ الحمد اور سورت پڑھے پھر رکوع و سجدہ کرے، دوسری رکعت میں  پہلے الحمدو سورت پڑھے پھر تین بار کان تک ہاتھ لے جا کر ﷲ اکبر کہے اور ہاتھ نہ باندھے اور چوتھی بار بغیر ہاتھ اٹھائے ﷲ اکبر کہتا ہوا رکوع میں جائے، اس سے معلوم ہوگیا کہ عیدین میں زائد تکبیریں چھ ہوئیں ، تین پہلی میں قرأت سے پہلے اور تکبیر تحریمہ کے بعد اور تین دوسری میں قرأت کے بعد، اور تکبیر رکوع سے پہلے اور ان چھوؤں تکبیروں میں ہاتھ اٹھائے جائیں گے اور ہر دو تکبیروں کے درمیان تین تسبیح کی قدر سکتہ کرے اور عیدین میں مستحب یہ ہے کہ پہلی میں سورۂ جمعہ اور دوسری میں سورۂ منافقون پڑھے یا پہلی میں سَبِّحِ اسْمَ اور دوسری میں  هَلْ اَتٰىكَ( بہار شریعت جلد نمبر ۱ حصہ نمبر ۴ صفحہ نمبر ۷۸۱, ۷۸۲)واللہ تعالیٰ اعلم
 کتبہ
محمد صفی اللہ خان رضوی 
الجواب صحیح والمجیب نجیح
محمد مقصود عالم فرحت ضیائی




Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner