AD Banner

{ads}

(کیا مسلک اعلی حضرت پانچواں مسلک ہے؟)

(کیا مسلک اعلی حضرت پانچواں مسلک ہے؟)

 مسئلہ:کیا فر ماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شر ع متین اس مسئلہ میں کہ:بعض  لو گ صراحتہ و مسلک اعلیٰ حضرت کا انکار کر تے ہیں اور کہتے ہیں کہ پانچواں مسلک کہاں سے آیا لہٰذا اس کا ماننا ضروری نہیں اور بعض لوگ کہتے ہیں کہ مسلک اعلیٰ حضرت پر عمل اور اس کا ماننا ضروری ہے کیونکہ یہ ہماری سنیت کی شناخت ہے اس قسم کی باتوں کو لیکرلوگ آپس میںالجھے ہوئے ہیں اس لئے آپ سے مؤدبانہ گزارش ہے کہ برائے کرم ازروئے شر ع اس بات کی وضاحت فر مائیں کہ کس کی بات درست ہے ؟

المستفتی ۔مولونا اکبر علی رضوی ۲۰؍ شوال المکرم ۱۴۲۷؁ھ

الجواب بعون الملک الوھاب 

مسلک اعلیٰ حضرت بعینہ مذہب اہل سنت وجماعت ہے اہل سنت وجماعت کی صحیح تصویر ہے جو اعلیٰ حضرت رضی اللہ عنہ ربہ القوی نے فر مائی ہے لہٰذا مسلک اعلیٰ حضرت کاا نکار در حقیقت مذہب اہل سنت وجماعت کاانکار ہے اور مذہب یقیناچار ہی ہیں مذہب حنفی ومذہب ما لکی ،ومذہب شافعی ومذہب حنبلی ان مذاہب اربعہ کو مذہب کہا گیا ہے اگر چہ مذہب ومسلک ترادف کے طور پر بھی مستعمل ہو اہے مگر ائمہ اربعہ کے مذاہب کو مذہب ہی کہا جا تا ہے جو لوگ مسلک اعلیٰ حضرت قد س سر ہ کے لفظ سے چڑھتے ہیں وہ مسلک کے لفظ کو وسعت دیکر ائمہ اربعہ کے مذاہب کو مسلک سے تعبیر کرتے ہیں حضرت شاہ ولی اللہ محد ث دہلوی ’’رسالہ انصاف ‘‘ میں فرماتے ہیں ’’بعد المأ تین ظھر بینھم المذھب للمجتھدین الخ‘‘ دوصدی کے بعد مسلمانوں میں تقلید شخصی نے ظہور کیا کم کوئی رہا ہو جو ایک امام معین کے مذہب پر اعتماد نہ کرتا ہو اسی طرح عارف باللہ عبد الوہاب شعرانی نے ائمہ اربعہ کے مذاہب کو مذہب ہی سے تعبیر کیا ہے مسلک سے تعبیر نہیں کیا ہے امام غزالی قدس سرہ کیمیائے سعادت میں فرماتے ہیں ۔مخالف صاحب مذہب خود کردن نیزد ہیچ کش روانہ باشد، تفسیر مظہری میں قاضی ثناء اللہ پانی پتی فرماتے ہیں’’اہل السنۃ قد افترقت بعد القرون الثلاثۃ اوالاربعۃ علی اربعہ مذاہب لم یبق فی الفروع سوی ھذہٖ المذاہب الاربعۃ ‘‘اہل سنت تین چار قرن کے بعد ان چار مذہب پر منقسم ہوگئے اور فروع میں ان مذاہب کے سوا کوئی مذہب نہ رہا اسی طرح دوسرے علمائے کرام نے فرمایا ہے تو اسے مسلک سے تعبیر کرنا غلط ہے ان لوگوں کامقصد یہ ہے کہ مسلک اعلیٰ حضرت نہ کہا جائے مذہب امام اعظم ابوحنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی تشریح وتحقیق صحیح طور سے اعلیٰ حضرت امام اہل سنت نے فرمائی ہے ورنہ وہابی دیوبندی تقلید کا لبادہ اوڑھ کر امام اعظم کے فرمود ات کی بیخ کنی کررہے ہیںاعلیٰ حضرت قدس سرہٗ کی واحد ذات ہے جس نے عقائد ومسائل اہل سنت کی تائید وتوثیق دلائل شرعیہ سے کی ہے اور گمراہوں بددینوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا ۔جیسا کہ اعلیٰ حضرت رضی اللہ عنہ کی تشریح وتصریح کردہ مسائل سے عیاں ہے اور جو لوگ کہتے ہیں یوں مسلک اعلیٰ حضرت کہنا ،اس پر عمل کرنا اس کا ماننا ضروری ہے ان کا قول درست ہے کیوں کہ مسلک اعلیٰ حضرت بعینہٖ مذہب امام اعظم ابو حنیفہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہے۔وھو تعالیٰ اعلم 

 محمد معین الدین خان رضوی ہیم پوری غفرلہ القوی

کتـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــبہ

۲۵؍شوال۱۴۲۷ھ؁






مسائل یوٹوب پر سسنے کے لئے یہاں کلک کریں 

نظامت کے اشعار کے لئے یہاں کلک کریں 

نعت و منقبت کے لئے یہاں کلک کریں  


Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner