AD Banner

{ads}

(بلا وجہ خلع کا مطالبہ کرنا کیسا ہے ؟)

 (بلا وجہ خلع کا مطالبہ کرنا کیسا ہے ؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ  لڑکی کے گھر والے طلاق مانگتے ہیں تو مرد مجبور ھوکر طلاق دے دیتا ھے اس صورت میں گنہگار لڑکی کے گھر والے ہونگے یا فقط مرد بھی جس نے طلاق دی ہے ؟
(۲) خلع کا طریقہ کار کیا ہے جواب مدلل درکار ہے؟
المستفتی:۔ عبد اللہ رضوی
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب
عورت یا اس کے گھر والوں کا بلا وجہ شرعی خلع کا مطالبہ کرنا، ناجائز و حرام اور گناہ ہے۔حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے بلا وجہ خلع کا مطالبہ کرنے والی عورت کے بارے میں فرمایا کہ وہ جنت کی خوشبو نہ پائے گی اسی طرح ایک حدیث پاک میں ایسی عورت کو منافقہ فرمایا اور جو بیوی کو شوہر کے خلاف بھڑکائے اس کے بارے میں فرمایا وہ ہم میں سے نہیں ہے۔ حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا (ایما امرأۃ سألت زوجھا طلاقا فی غیر ما باس فحرام علیھا رائحۃ الجنۃ) جو عورت اپنے شوہر سے بغیر کسی عذرِ معقول کے طلاق مانگے اس پر جنت کی خوشبو حرام ہے۔ اور ایک روایت میں یہ الفاظ مروی ہیں ”ایما امرأۃ اختلعت من زوجھا من غیر باس لم ترح رائحۃ الجنۃ“ جو عورت اپنے شوہر سے بغیر کسی عذر معقول کے خلع (کا مطالبہ) کرے، تو وہ جنت کی خوشبو نہ پائے گی۔ حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسولِ اکرم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: (المختلعات هن المنافقات ) یعنی (بغیر کسی عذر کے) خلع کا  مطالبہ کرنے والی عورتیں منافقہ ہیں۔
(ترمذی شریف،جلد نمبر ۲،صفحہ ۴۰۲، حدیث:۱۱۹۰، ۱۱۹۱،۱۱۹۲)
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:”ليس منا من خبب امرأة على زوجها“جو کسی عورت کو اس کے شوہر سے بگاڑ دے وہ ہمارے گروہ سے نہیں؛۔
(ابو داؤد،جلد نمبر  ۲،، حدیث: ۲۱۷۵)
فتاویٰ رضویہ میں ہےاگر طلاق مانگے گی منافقہ ہوگی۔ جو لوگ عورت کو بھڑکاتے شوہر سے بگاڑ پر ابھارتے ہیں وہ شیطان کے پیارے ہیں۔ ـ (فتاویٰ رضویہ،جلد نمبر ۲۲،صفحہ نمبر ۲۱۷)
حضورصدرالشریعہ، بدرالطریقہ، مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ ایک استفتا کے جواب میں رقم فرماتے ہیں:”عورت کا طلاق طلب کرنا اگر بغیر ضرورت شرعیہ ہو تو حرام ہےجب شوہر حقوقِ زوجیت تمام و کمال اداکرتاہے توجولوگ طلاق پر مجبور کرتے ہیں، وہ گنہ گار ہیں۔(فتاویٰ امجدیہ،جلد نمبر ۲،صفحہ ۱۶۴)
واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب 
 کتبہ
محمد صفی اللہ خان رضوی 
الجواب صحیح والمجیب نجیح 
محمد مقصود عالم فرحت ضیائی 










Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner