AD Banner

{ads}

(مرنے کے بعد زنا کی کیا سزا ہے؟)

 (مرنے کے بعد زنا کی کیا سزا ہے؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ زنا کی کیا سزا ہے مرنے کے  بعد کچھ بیان فرمادیں عین نوازش ہوگی۔المستفتی:۔محمد کلیم رضوی بہرائچ شریف

وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب

زانی کی سزا زنا کے چھ نقصانات حضور نبی کریم، رؤف رحیم صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا زنا سے بچو کیونکہ اس میںچھ نقصانات ہیں تین دنیامیں اور تین آخرت میں دنیاکے تین نقصانات (۱) زنا زانی کے چہرے کی خوبصورتی ختم کردیتا (۲) اسے محتاج وفقیر بنادیتا اور(۳)اس کی عمر گھٹا دیتا ہے آخرت کے تین نقصانات (۱) زنا اللہ  تعالیٰ کی ناراضی (۲) سخت حساب اور(۴)جہنم میں مدّتوں رہنے کاسبب ہے۔ (قرآن میں اللہ تبارک وتعالیٰ ارشاد فرماتاہے) لَبِئْسَ مَا قَدَّمَتْ لَهُمْ اَنْفُسُهُمْ اَنْ سَخِطَ اللّٰهُ عَلَیْهِمْ وَ فِی الْعَذَابِ هُمْ خٰلِدُوْنَ (۸۰) (پارہ، المائدہ : ۸۰)

ترجمہ۔کنزالایمان:۔کیاہی بری چیز اپنے لئے خود آگے بھیجی یہ کہ اللہ کا ان پرغضب ہوا اور وہ عذاب میں ہمیشہ رہیں گے۔(اگ کی زنجیریں اور سلاخیں)حضورنبی پاک، صاحب لولاک سیاح افلاک صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم کافرمان عبرت نشان ہے زانی قیامت کے دن اس حال میں آئیں گے کہ ان کے چہرے آگ کی طرح بھڑک رہے ہوں گے وہ اپنی بدبودار شرمگاہوں کی وجہ سے مخلوق میں پہچانے جائیں گے ان کی شرمگاہیں بدبودار ہوں گی ان کو منہ کے بل جہنم کی طرف گھسیٹاجائے گا جب وہ جہنم میں داخل ہوں گے تو حضرت مالک علیہ السلام ان کو آگ کی ایسی قمیص پہنائیں گے کہ اگر اس کو اونچے اور مضبوط پہاڑکی چوٹی پرلمحہ بھرکے لئے رکھ دیاجائے تووہ جل کر راکھ ہوجائے پھر حضرت مالک علیہ السلام فرمائیں گے اے عذاب کے فرشتو ان زانیوں کی آنکھوں کو آگ کی سلائیوں سے داغ دوکیونکہ یہ حرام دیکھتے تھے ان کے ہاتھوں کوآگ کی زنجیروں سے جکڑدو کیونکہ یہ حرام کی طرف ہاتھ بڑھاتے تھے ان کے پاؤں کو آگ کی بیڑیوں سے باندھ دو کیونکہ یہ حرام کی طرف چلتے تھے۔

عذاب کے فرشتے کہیں گے ہاں ہاں ضرور تو وہ ان کے ہاتھوں اور پاؤں کوزنجیروں میں جکڑدیں گے اور ان کی آنکھیں آگ کی سلائیوں سے داغ دیں گے تووہ چیخ وپکار کرتے ہوئے فریاد کریں گے اے عذاب کے فرشتو! ہم پر رحم کرو، ایک لمحہ کے لئے تو ہم سے عذاب کم کردو فرشتے کہیں گے ہم تم پرکیسے رحم کریں جبکہ رب العالمین قہاروجبارجَلَّ جَلَا لُہٗ تم پرغضب فرماتا ہے ۔

جہنم میں تانبے کالباس:۔حضورنبی مکرم، نور مجسم، شاہ بنی آدم صلی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلم کا فرمان عبرت نشان ہے جس نے اپنی آنکھوں کو حرام سے پر کیا اللہ عزوجل اس کی آنکھوں کو جہنم کے انگاروں سے بھر دے گااور جس نے کسی عورت سے زنا کیا  اللہ  تبارک وتعالیٰ اس کوقبر سے پیاسا روتا، غمگین ، سیاہ چہرہ اور تاریکی کی حالت میں اٹھائے گا ۔ اس کی گردن میں آگ کاطوق اور جسم پر پگھلے ہوئے تانبے کالباس ہوگا اللہ عزوجل نہ تو اس سے کلام فرمائے گااور نہ ہی اسے پاک کرے گااور اس کے لئے دردناک عذاب ہے۔واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب
 کتبہ 
محمد صفی اللہ خان رضوی 
الجواب صحیح
 ابو النعمان عطا محمد مشاہدی




Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner