AD Banner

{ads}

( پانچ تولہ سونا پر زکوٰۃ کا حکم؟)

 ( پانچ تولہ سونا پر زکوٰۃ کا حکم؟)

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکا تہ 
مسئلہ:۔کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ  اگر کسی کے پاس پانچ تولہ سونا ہو تو اس پر زکوۃ کتنی ادا کرنی ہو گی 
المستفتی:۔حافظ عبدالقادر رضوی رائے بریلی۔
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب
صورت مسئلہ میں اگر شخص مذکور کے پاس صرف پانچ تولہ سونا ہے اور چاندی یا نقد روپیہ یا مال تجارت کچھ بھی نہیں ہے تو وہ مالک نصاب نہیں لہذا اس پر زکوۃفرض نہیں گرچہ پانچ تولے سونے کی قیمت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کو پہونچ جاے کیونکہ سونے چاندی کی زکوۃ میں وزن کا اعتبار ہے قیمت کا نہیں۔ 
بہار شریعت میں ہے:سونے چاندی کی زکاۃ میں وزن کا اعتبار ہے قیمت کا لحاظ نہیں ، مثلاً سات تولے سونے یا کم کا زیور یا برتن بنا ہو کہ اس کی کاریگری کی وجہ سے دو سو ۲۰۰  درم سے زائد قیمت ہو جائے یا سونا گراں  ہو کہ ساڑھے سات تولے سے کم کی قیمت دو سو درم سے بڑھ جائے، جیسے آج کل کہ ساڑھے سات تولے سونے کی قیمت چاندی کی کئی نصابیں  ہوں  گی، غرض یہ کہ وزن میں  بقدر نصاب نہ ہو تو زکاۃ واجب نہیں  قیمت جو کچھ بھی ہو۔(ح ۵ ص ۳۵ ،سونے چاندی کی زکوۃ کا بیان،مسئلہ نمبر۱)
اور اگر شخص مذکور کے پاس سونے کے ساتھ ساتھ کچھ چاندی یا نقدی بھی  ہیں تو وہ شخص مالک نصاب ہے اور بعد حولان حول اس پر زکوۃ فرض ہے کیونکہ اب سونے کو دوسرے کے ساتھ (یعنی چاندی یا نقدی یا مال تجارت)ملانے سےساڑھے باون تولے چاندی کی قیمت کے برابر آسانی سے ہوجاےگا ردالمحتار میں ہے: فان کانت فضة تخلص تجب فیہا الزکاة ان بلغت نصابا وحدہا او بالضم الی غیرہا 
(ردالمحتار مع درالمختار،ج۳ص۲۳۰باب زکاۃ المال،زکریا بکڈپو)
بہار شریعت میں ہے:سونے چاندی کے علاوہ تجارت کی کوئی چیز ہو، جس کی قیمت سونے چاندی کی نصاب کو پہنچے تو اس پر بھی زکاۃ واجب ہے یعنی قیمت کا چالیسواں ۴۰ حصہ اور اگر اسباب کی قیمت تو نصاب کو نہیں پہنچتی مگر اس کے پاس ان کے علاوہ سونا چاندی بھی ہے تو اُن کی قیمت سونے چاندی کے ساتھ ملا کر مجموعہ کریں، اگر مجموعہ نصاب کو پہنچا زکاۃ واجب ہے۔(حصہ پنجم سونے چاندی کی زکاۃ کا بیان مسئلہ نمبر ۴)واللہ تعالیٰ اعلم بالصواب 
 کتبہ
محمد صفی اللہ خان رضوی 
الجواب صحیح والمجیب نجیح 
محمد مقصود عالم فرحت ضیائی



Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner