AD Banner

{ads}

(سیرت غوث پاک رضی اللہ عنہ 03)

(سیرت غوث پاک رضی اللہ عنہ 03)

 واہ کیا مرتبہ اے غوث ہے بالا تیرا
اونچے اونچوں کے سروں سے قدم اعلیٰ تیرا
 
انبیاء کرام علیھم السلام کی بشارتیں:
حضرت ابو صالح موسٰی جنگی دوست کو خواب میں نبی کریم ﷺکے علاوہ جملہ انبیاء کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام نے یہ بشارت دی کہ ‘‘تمام اولیاء اللہ تمہارے فرزند ارجمند کے مطیع ہوں گے اور ان کی گردنوں پر ان کا قدم مبارک ہوگا۔(سیرت غوث الثقلین، ص55 بحوالہ تفریح الخاطر)

حضرت حسن بصری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی بشارت:
    جن مشائخ نے حضرت سیدنا غوث اعظم رضی اللہ عنہ کی قطبیت کے مرتبہ کی گواہی دی ہے ‘‘روضۃ النواظر‘‘ اور ‘‘نزہۃ الخواطر‘‘ میں صاحب کتاب ان مشائخ کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں: ‘‘آپ سے پہلے اللہ عزوجل کے اولیاء میں سے کوئی بھی آپ کا منکر نہ تھا بلکہ انہوں نے آپ کی آمد کی بشارت دی،چنانچہ حضرت سیدنا حسن بصری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ نے اپنے زمانہ مبارک سے لے کر حضرت شیخ محی الدین سید عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے زمانہء مبارک تک تفصیل سے خبردی کہ جتنے بھی اللہ عزوجل کے اولیاء گزرے ہیں سب نے شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی خبر دی ہے۔  ( سیرت غوث الثقلین، ص58 )

 وقت ولادت کرامت کا ظہور:
آپ کی ولادت ماہ رمضان المبارک میں ہوئی اور پہلے دن ہی سے روزہ رکھا۔ سحری سے لے کر افطاری تک آپ اپنی والدہ محترمہ کا دودھ پیتے تھے،چناچہ سیدنا غوث الثقلین شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی والدہ ماجدہ فرماتی ہیں کہ ‘‘جب میرا فرزند ارجمند عبدالقادر پیدا ہوا تو رمضان شریف میں دن بھر دودھ نہ پیتا تھا۔(بہجۃ الاسرار، ص172)

آپ کی والدہ ماجدہ حضرت سیدتنا ام الخیر فاطمہ بنت عبداللہ صومعی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہما فرمایا کرتی تھیں ’’جب عبدالقادر پیدا ہوئے تو وہ رمضان میں دن کے وقت میرا دودھ نہیں پیا کرتے تھے۔ اگلے سال رمضان کا چاند ابر کی وجہ سے نظر نہ آیا تو لوگ میرے پاس دریافت کرنے کے لئے آئے تو میں نے کہا کہ ‘‘میرے بچے نے دودھ نہیں پیا۔‘‘ پھر معلوم ہوا کہ آج رمضان کا دن ہے اور ہمارے شہر میں یہ بات مشہور ہو گئی کہ سیدوں میں ایک بچہ پیدا ہوا ہے جو رمضان المبارک میں دن کے وقت دودھ نہیں پیتا۔(بہجۃ الاسرار، ص172)

 آپکی زیارت کی برکتیں:
 شیخ ابو عبداللہ محمد بن علی سنجاری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے والد فرماتے ہیں کہ ‘‘حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی، غوث صمدانی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ دنیا کے سرداروں میں سے منفرد ہیں، اولیاء اللہ میں سے ایک فرد ہیں، اللہ عزوجل کی طرف سے مخلوق کے لئے ہدیہ ہیں، وہ شخص نہایت نیک بخت ہے جس نے آپ کو دیکھا، وہ شخص ہمیشہ شادر ہے جس نے آپ کی صحبت اختیار کی، وہ شخص ہمیشہ خوش رہے جس نے حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے دل میں رات بسر کی۔‘‘(بہجۃ الاسرار، ص432)



Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

AD Banner