AD Banner

نیکو کاروں کی برکت سے عذاب میں تخفیف

 (1)اگر نمازی بندےاور دودھ پیتے بچےاور چوپائےنہ ہوتےتو عذاب اُترتا
(2)اللہ پاک ایک نیک مسلمان کی برکت سے اس کےپڑوس کے100گھر والوں کی بَلادَفع فرماتاہے
(3)نیکوں کے صدقے زمین والوں سے اللّٰہ تعالٰی عذاب سے پھیر دیتا ہے
(4)بندے پر دنیا میں سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ اُسے دو رکعت نماز ادا کرنے کی توفیق دی گئی
(5)صاحبِ قبر کے نزدیک دو ركعت نماز دنیاسے زیادہ پیاری ہے
 
(6)ایک ہزار(1000)اشرفیوں کی تھیلی نماز کی برکت سےملی
(7)نماز کی برکت سے اللّٰہ تعالٰی نےنابینا کو بینائی عطا فرمادی
(8)نمازی عورت اور مچھلی
(9)کیچڑ گناہ اور سمندر میں غسل کرنانماز کی مانند ہے
(10)ابلیس اور اس کےچیلے ہمیشہ اس کوشش میں رہتےہیں کہ مسلمانوں کو دنیا کے معاملات میں اس طرح اُلجھا دیں کہ ان کو نماز کاخیال ہی نہ رہ جائے
(11)بندہ جس دن نماز نہیں پڑھتا وہی اس کےلیےمنحوس ترین دن ہوتاہے
(1)
اگر نمازی بندےاور دودھ پیتے بچے اور چوپائے نہ ہوتے تو بےشک تم پر عذاب اُترتا۔
(شعب الایمان ج ۷ ص ١٥٥)
(2)
حضور صلّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلّم فرماتے ہیں:اللہ پاک ایک صالِح(یعنی نیک)مسلمان کی برکت سے اس کےپڑوس کےسو(100)گھر والوں کی بَلا(یعنی آفت)دَفع فرماتاہے۔
(معجم اوسط ج ۳ ص ۱۲۹)
(3)
حضور صلّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلّم فرماتےہیں:اللہ پاک فرماتا ہے:میں زمین والوں کو عذاب دینے کا ارادہ کرتا ہوں تو مساجد کو آباد کرنے اور میرے لیے آپس میں محبت رکھنےاور سَحری کےوقت اِستغفار کرنے والوں کی وجہ سے عذاب ان(جن کوعذاب دینےکاارادہ کرتا ہوں)سے پھیر دیتا ہوں۔
(شعب الايمان ج ٦ ص ۵۰۰)
(4)
حضور صلّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلّم کا فرمان ہے: ” بندے پر دنیا میں سب سے بڑا احسان یہ ہے کہ اُسے دور کعت نماز ادا کرنے کی توفیق دی گئی۔
(معجم كبير ج,۸ ص ١٥١)
(5)
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سےروایت ہے کہ
حضور صلّی اللّٰہ تعالٰی علیہ وسلّم ایک قبر کے قریب سے گزرے تو دریافت فرمایا: یہ کس کی قبر ہے؟
صحابہ کرام نے عرض کی : فلاں شخص کی ۔
ارشادفرمایا: (اِس وقت )اِس کے نزدیک دو ركعت نمازتمہاری بقیه(یعنی بچی کچھی)دنیا سے زیادہ محبوب(یعنی پیاری)ہے۔
(معجم اوسط ج ١ ص ٢٦٦)
 ایک شخص کسی قبر کے قریب دور کعت نماز ادا کرنے کے بعد لیٹ گیا۔خواب میں اس نے قبر والے کو یہ کہتے سنا:
"اے شخص تم عمل کر سکتے ہولیکن علم نہیں رکھتے ،ہمارے پاس علم ہے لیکن ہم عمل نہیں کر سکتے ،خدا کی قسم ! میرے نامہ اعمال میں نماز کی دورکعتیں مجھے دنیا ومافیها(یعنی نیا اور جو کچھ اس میں ہےاس)سے زیادہ پیاری ہے ۔“
(حکایتیں اور نصیحتیں ص۵۶)
(6)ایک ہزار(1000) اشرفیوں والی تھیلی نماز کی برکت ملی:
بصرہ میں ایک عابد لکڑیاں خریدنے گیا تو راستے میں اسے ایک ہزار اشرفیوں کی تھیلی ملی ۔ عین اسی وقت اسے اقامت کی آواز سنائی دی اس نے تھیلی چھوڑ دی اور مسجد میں نماز باجماعت ادا کرنے کے لیے دوڑ پڑا۔ پھر لکڑیوں کا گٹھا خرید کر گھر پہنچا؟
کیا دیکھتا ہے وہی تھیلی لکڑیوں سے برآمد ہوئی۔ وہ اللہ تعالیٰ کے حضور اسی وقت یوں دعا کرنے لگا الٰہی جس طرح تو نے میرے رزق کا انتظام فرمایا ہے اسی طرح مجھےاپنی عبادت میں مشغول رکھنے کا انتظام فرما۔
(نزہۃ المجالس، مترجم ج:۱،ص:511
مکتبہ رضویہ مٹیا محل دہلی) 
معلوم ہوا کہ جس کے دل میں خدائےتعالیٰ کا خوف ہوتا ہے وہ کبھی یادِالٰہی سے غافل نہیں رہتا، اور اللہ جل شانہ غیب سے اس کے رزق کا انتظام فرماتا ہے۔ اور یہی ایک مومن کی شان اور پہچان ہوتی ہے کہ اس کا دل ہمیشہ اطاعتِ الٰہی کے جذبے سے معمور اور اس کا سینہ محبتِ رسول کا مدینہ ہوتا ہے۔ وہ کھانے پینے سے زیادہ فرائض و واجبات کی ادائیگی کی فکر کرتا ہے۔
(7)نماز کی برکت سے اللّٰہ تعالٰی نابینا کو بینائی عطا فرما دی:
 ایک نابینا نماز کا بڑا پابند تھا۔ ایک دن گھر میں قدرے اس سےنقصان ہو گیا۔ بیوی نے غلط سلط کہا تو نابینا رات بھر پریشان رہا۔ نہ جانے اس نے اللہ تعالیٰ کے حضور کسی درد اور خلوص سے دعائیں کی۔ جب صبح اس نے نماز با جماعت ادا کی تو اللہ تعالیٰ نے اسے بینائی عطا فرما دی۔
(نزہت المجالس مترجم جلد1 ص511
مکتبہ رضویہ مٹیا محل دہلی)
(8)نمازی عورت اور مچھلی:
بنی اسرائیل کی ایک صالحہ خاتون جو پابندِصَوم و صلوٰۃ تھی اور نماز کو بڑے اہتمام سے وقت پر ادا کرتی اس کے خاوند نے کفر کے باعث نماز سے روکا عورت نے اس کا کہنا نہ مانا تو اس نے عورت کے ہاں ایک تھیلی رکھی اور پھر خود ہی چُرا کر دریا میں پھینک آیا۔ حسن اتفاق سے تھیلی کو مچھلی نے اپنے منہ میں ڈال لیا۔ ادھر شکاری پہنچا اور وہی مچھلی اس کے جال میں پھنس گئی۔
بازار میں فروخت کے لیے رکھی ہوئی تھی کہ اس عورت کے خاوند نے وہی مچھلی خرید کی اور گھر لے آیا ! عورت مچھلی بنانے لگی تو پیٹ چاک کرتے ہی تھیلی ہاتھ لگی اور بحفاظت رکھ لی! جب خاوند نے مال طلب کیا تو اس نے تھیلی اُٹھائی اور خاوند کو پیش کر دی ! وہ آگ بگولہ ہو گیا اور غصے کے عالم میں اس نے عورت کو تنور میں پھینک دیا ! عورت پکار اُٹھی
((یا واحد يا احدليس علي النار جلد))
اللہ تعالیٰ کی شان سے آگ فوراً سرد ہوگئی اور اللہ تعالیٰ نے اسے اپنی محافظت میں رکھا !
(نزہت المجالس (مترجم) جلد 1 صفحہ 509
مکتبہ:رضویہ مٹیا محل دہلی)
(9)کیچڑ گناہ اور سمندر میں غسل کرنا نماز کی مانند ہے:
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا سمندر کے کنارے پر گزر ہوا تو انہوں نے نور کا ایک پرندہ دیکھا جو کیچڑ میں گھس گیا اور پھر وہاں سے نکلا اور سمندر میں نہایا تو وہ پہلے کی طرح ہو گیا ۔ اسی طرح اس نے یہ عمل پانچ بار کیا۔ آپ اس سے متعجب ہوئے تو حضرت جبرائیل علیہ السلام آگئے اور بتایا یہ اُمتِ محمدیہ کی پنجگانہ نمازوں کی مثال ہے۔ کیچڑ گناہ اور سمندر میں غسل کرنا نماز کی مانند ہے!
(نزہت المجالس مترجم جلد 1 صفحہ489
مکتبہ رضویہ مٹیا محل دہلی)
(10)نماز پڑھنے سے شیطان روکتا ہے:
حضرت سمرقندی رحمة اللہ تعالیٰ علیه نے بیان کیا ہے کہ جب نماز کا حکم نازل ہوا تو ابلیس چِلّا اٹھا اور اس نے اپنی ذریت کو جمع کیا۔ عبادت گزاروں کو نماز سے دور رکھنے کے لئے کہا کہ انہیں وقت پر نماز پڑھنے سے غافل رکھا جائے اور اس کا طریقہ یہ ہے کہ اسے ہر طرف سے گھیرا جائے اور ہر طرف سے پکارا جائے ۔ ادھر دیکھ ادھر دیکھ اوپر دیکھ نیچے دیکھ یعنی اسے کسی نہ کسی کام کی طرف لگا دیا جائے اگر وہ ایسا نہیں کرے گا اور وقت پر نماز پڑھ لے تو اس کے نامہ اعمال میں چار سو نمازوں کا ثواب لکھا جائے گا۔
(نزہت المجالس(مترجم) جلد 1 510
مکتبہ رضویہ مٹیا محل دہلی)
(11)منحوس دن:
کسی شخص نے قسم کھائی کہ وہ اپنی عورت کے پاس منحوس دن کے سوا کبھی نہیں جائے گا۔ پھر علماء سے فتویٰ لیا تو انہوں نے فرمایا دن تو سارے ہی باعثِ برکت ہیں لہٰذا تمہاری عورت پر طلاق واقع ہوگئی لیکن وہ مطمئن نہ ہوا اور حضرت شیخ عبد العزیز دیرینی رحمۃ اللّٰہ تعالٰی علیہ کی خدمت میں جا کر پوچھنے لگا تو انہوں نے کہا تو نے آج نماز ادا کی ہے؟ وہ کہنے لگا نہیں! فرمایا جا اپنی عورت کے ہاں کیونکہ تیرے لیے یہی منحوس دن ہے اس لیے کہ بندہ جس دن نماز نہیں پڑھتا وہی اس کے لیے منحوس ترین دن ہوتا ہے۔
(نزہت المجالس مترجم جلد اول)
دعاؤں کا طالب
گدائےِ غوث و خواجہ و رضا
عبد الوحید قادری بلگام کرناٹک
نوٹ
ٹائپنگ(لکھنے)میں اگر کوئی غلطی پائیں تو فورًا مطّلع فرمائیں نوازش ہوگی
Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.

Top Post Ad

Below Post Ad