(حج کرنے کا آسان طریقہ)
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکا تہمسئلہ:۔مولانا تاج محمد واحدی صاحب قبلہ آپ کا ایک پوسٹ دیکھا جو عمرہ کے متعلق تھا بہت پسند آیا اللہ تعالیٰ آپ کو اجر عظیم عطا فرما ئے۔آمین ۔عرض ہے کہ اسی طرح آسان لفظوں میں حج کے متعلق ایک پوسٹ تحریر فرما دیں بہت مہر با نی ہو گی ،امید ہے کہ آپ اس عریضہ کو قبول فرما ئیں گے۔
الملتمس:عبد القادر سلطان پور
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب
ارشاد ربانی ہے’’ وَلِلّٰہِ عَلَی النَّا سِ حِجُّ الْبَیْتِ مَنِ اسْتَطَاعَ اِلَیْہِ سَبِیْلًا ‘‘اور اللہ کے لئے لوگوں پراس گھر کا حج کرنا ہے جو اس تک چل سکے ۔(کنز الایمان ،سورہ اٰل عمران آیت نمبر ۹۷)
حج کی تین قسمیں ہیں (۱)تمتع(۲) قران(۳) اِفراد۔چو نکہ حج تمتع آسان ہے اس لئے حجاج کرام اکثر اسی طرح حج کرتے ہیں لہٰذا ہم اسی کو آسان لفظو ں میں بیان کرتے ہیں ۔
نوٹ:۔سفرحج و عمرہ کرنے کا طریقہ اس سے پہلے والے فتوی میں موجود ہے وہاں سے استفادہ کریں۔
حجاج کرام جب عمرہ سے فارغ ہو لیتے ہیں تو ان کے لئے کو ئی خاص عمل نہیں رہ جا تا جس طرح وہ چا ہیں نفل طواف کرتے رہیں پھر ۸؍ذی الحجہ یعنی حج کے پہلے دن غسل کریں اور اگر غسل نہ کر سکیں تو وضو کرکے پہلے کی طرح احرام باندھے لیں اور مسجد حرام میں کسی جگہ دو رکعت نماز احرام کی نیت سے پڑھیں سلام پھیرنے کے بعد سر سے چا در ہٹا کر نیت کریں’’اَللّٰھُمَّ اِنِّی اُرِیْدُ الْحَجَّ فَیَسِّرْ ہُ لِی وَتَقَبَّلْہُ مِنِّی ‘‘اے اللہ میں حج کا ارادہ کرتا(کرتی) ہو ں تو اس کو میرے لئے آسان کردے اور اس کو میری طرف سے قبول فرما ۔(یاد رہے عمرہ میں عمرہ کی نیت کرنی ہے اور حج میں حج کی نیت کرنی ہے )
اس کے بعد تین بار اونچی آواز سے لبیک کہہ کر دعا مانگے اب حج کا احرام بندھ گیاوہ ساری پا بندیاں جو عمرہ کے احرام کے وقت تھیں لوٹ آئیں ، احرام کے بعد کعبہ شریف کا ایک نفل طواف رمل و اِضْطباع کے بغیر کریں ۔
پھرظہر سے پہلے منیٰ (جو مکہ سے تقریبا ۵؍کلو میٹر ہے) پہونچ جانا چا ہئے کہ حضور سید عالم ﷺ نے عرفات جا نے سے پہلے منیٰ میں پا نچ نماز یں ادا فرمائی ہیں ،منیٰ جا تے ہو ئے لبیک دعا اور درودشریف کی کثرت کریں ،منیٰ میں رات بھر ٹھہریں اور آج ظہر سے نویں کی صبح تک پا نچ نما زیں یہیں پڑھیں بعض لوگ آٹھویں کو منیٰ میں نہیں ٹھہرتے اور سیدھے عرفات میں پہو نچ جا تے ہیں ان کی اتباع میں یہ سنت نہ چھوڑیں بلکہ آٹھویں کو ٹھہر کر نویں کو جا ئیں ۔
۹؍ذی الحجہ یعنی حج کے دوسرے دن منیٰ میں نماز فجر سے فا رغ ہو کر لبیک، ذکر اور درود شریف میں مشغول رہیں ،جب دھوپ جبل ثبیر پر آجا ئے جو مسجد خفیف کے سامنے ہے تو نا شتہ وغیرہ سے فا رغ ہو کر عرفات کی طرف روا نہ ہو جا ئیں(جو منیٰ سے تقریبا ۱۰؍ کلو میٹر ہے) اور وہاں ظہر سے پہلے پہونچنے کی کو شش کریں لبیک،دعا اور درود شریف کثرت سے پڑھیں،یہی وہ عرفات ہے جہاں حضور علیہ السلام نے ایک لاکھ چو دہ ہزار یا چو بیس ہزار صحا بہ کے مجمع میں خطبہ دیا تھا اور آیت کریمہ’’ اَلْیَوْمَ اَکْمَلْتُ لِکُمْ دِیْنُکُمْ‘‘ نا زل ہو ئی تھی۔
یہی عرفات وہ مبا رک مقام ہے کہ جہاں نویں ذی ا لحجہ کو زوال کے بعد سے دسویں کی صبح کے پہلے تک کسی وقت حاضر ہو نا خواہ ایک ہی گھڑی کے لئے ہو حج کا اہم فرض ہے کہ اگر چھوٹ جا ئے تو اِس سال حج ادا ہو نے کی کو ئی صورت ہی نہیں ۔
مقام عرفات میں پہو نچنے کے بعد جب جبل رحمت پر نگاہ پڑے تو دعاکریں کہ یہ مقبول ہو نے کا وقت ہے مقام عرفات پہونچ کر جہاں جگہ ملے وہیں ٹھہر سکتے مگر جبل رحمت کے پاس ٹھہر نا افضل ہے پھر وقوف عرفہ کریں اس کا طریقہ یہ ہے کہ ظہر سے پہلے اگر ہو سکے تو غسل کریں ورنہ وضو کرنے کے بعد نماز ظہر ادا کریں اور عصر کے وقت میں عصر کی نماز ادا کریں،نماز کے بعد خوب ،خوب دعا ئیں ما نگے اور کثرت سے درود پڑھیں۔
نوٹ:۔ اگر نماز ظہر جما عت سے پڑھنا ہو تو جمع بین الصلا تین ہے یعنی ظہر اور عصر ظہر ہی کے وقت میں پڑھنی ہو گی مگر تنہا پڑھنے پر جمع بین الصلاتین نہیں ہے ۔
سورج ڈو بنے کے بعد مقام عرفات سے نماز مغرب پڑھے بغیر مقام مزدلفہ کے لئے روانہ ہو جا ئیں (جو عرفات سے تقریبا۵؍کلو میٹر ہے )یا د رہے سورج ڈوبنے سے پہلے نہ جا ئیں ورنہ کفارہ کی قر با نی لازم ہو جا ئے گی ۔
مزدلفہ پہو نچنے کے بعد وقت عشا ء میں نماز مغرب اور عشاء ادا کریں یہاں جمع بین الصلاتین اس طرح ہے کہ اذان و اقامت کے بعد مغرب کی فرض نماز ادا کی نیت سے پڑھیں اس کے بعد فو را بغیر اقا مت عشا ء کی فرض نماز پڑھیں پھر مغرب کی سنت پھر عشاء کی سنت پھر وتر پڑھیں ،یاد رہے یہاں دونوں نماز کو پڑھنے کے لئے جما عت شرط نہیں تنہا پڑھنے والابھی جمع بین الصلاتین کرے ۔
مزدلفہ میں پو ری رات گزار نا سنت مؤکدہ ہے اور وقوف کا اصلی وقت صبح صادق سے اجالا ہو نے تک ہے یعنی اگر کو ئی رات کو گیا اور صبح صادق سے پہلے چلا آیاتو اس پر کفا رہ کی قر با نی لازم ہو گی، یا صبح اجا لاہو نے کے بعد گیا تو اس پر بھی کفارہ کی قر با نی لازم ہو گی ۔
شیطان کو ما ر نے کے لئے یہیں سے کنکریاں چنے کے برابر کنکریاں چن لیں اگر تیرہویں ذی الحجہ تک کنکری مارنی ہے تو ستر کنکری لیں اور اگر با رہویں تک مارنی ہے تو ۴۹؍ کنکری لیں ۔
۱۰؍ ذی الحجہ یعنی حج کے تیسرے دن صبح صادق طلوع ہو نے کے بعد نماز فجر ادا کر کے جہاں جگہ ملے وقوف کریں یعنی ٹھہر کر لبیک ،دعا اور درود شریف پڑھنے میں مصروف رہیں ۔
جب سورج نکلنے میں ۵؍ منٹ کا وقت با قی رہ جا ئے تو منیٰ کی طرف روانہ ہو جا ئیں ،منیٰ پہو نچ کر پہلے سب سے بڑے شیطان کو کنکری ما ر یں ، چھوٹے اور بیچ کے شیطان کو آج کنکری نہیں مار نی ہے کنکری مارنے کا وقت ۱۰؍ذی الحجہ کی صبح سے گیارہویں کی صبح صادق تک ہے لیکن ۱۰؍ ذی الحجہ کو سورج نکلنے کے بعد سے زوال تک کنکری مارنا سنت ہے۔
نوٹ:۔ کنکری کو ئی اور نہیں مار سکتا اگر دوسرا کو ئی ما رے گا تو ادا نہ ہو گی اور کفارہ کی قر با نی لازم آئے گی ۔
(۲) شیطان کو ایک ایک کنکری مارنی ہو گی ساتوں کو ایک ساتھ ہر گز نہ ما ریں ۔
کنکری ما رنے کے بعد قربا نی کریں اگر قر با نی کر نے کی طا قت نہ ہو تو تین روزے یعنی ۷؍۸؍۹؍ذی الحجہ کو رکھیںاور سات رو زے گھر آ کر رکھیں،اور اگر حا جی مالک نصاب مقیم ہے تو اس پر دو قربا نی واجب ہے ایک حج کے شکرا نہ کی اور دوسری بقر عید کی ،تو اگر چا ہیں تو دونوں وہیں پر کریں یا شکرا نے کی وہاں کریں اور بقر عید کی گھر پر کرا دیں ۔
قربا نی کے بعد قبلہ رخ بیٹھ کر حجا مت بنوا ئیں یعنی سر منڈا ئیں یا بال کتروائیں ،اور عورتیں سر کابال انگلی کے پور کی مقدار کتروائیں پورے سرکا بال کتروانا مستحب ہے اور چو تھا ئی سرکا بال کتروانا واجب ہے ،مگر کسی نا محرم کے ہا تھ سے ہرگز نہ کتروائیں کہ حرام ہے ، اور جس کے سر پر بال نہ ہوں وہ استرہ پھروائے ،پھر ناخن وغیرہ تراشیں ،بال کتروانے سے پہلے ناخن نہ ترا شیں ورنہ کفارہ کی قر با نی لازم آئے گی۔
حجامت کے بعد احرام کی سا ری پا بندیاں ختم ہو گئیں اب نہا دھو کر سلے ہو ئے کپڑے پہنیں، لیکن بیوی سے صحبت کرنا اسے شہوت کے ساتھ چھونا اور بوسہ لینا ابھی حلال نہیں ہوا یہ طواف زیا رت کے بعد حلال ہو گا ۔
قربا نی اور حجامت سے فا رغ ہو نے کے بعد افضل یہ ہے کہ آج ہی یعنی ۱۰؍ذی الحجہ کو مکہ شریف پہونچ کر طواف زیا رت رَمَلْ و اِضْطباع کے ساتھ کریں پھر صفا و مروہ کا سعی کریںیہ طریقہ پہلے بیان کیاجا چکا ہے ،پھر رات گزار نے کے لئے منیٰ آجا ئیں ،اور اگر دسویں کو طواف زیا رت کا موقع نہ مل سکے تو با رہویں کی مغرب سے پہلے تک کر سکتے ہیں ۔
۱۱؍ ذی الحجہ یعنی حج کے چو تھے دن تینوں شیطان کو کنکری ما ریں اس کا وقت سورج ڈھلنے کے بعد سے صبح صادق تک ہے لیکن سورج ڈوبنے کے بعد بلا عذر مکروہ ہے ۔
۱۱؍ ذی الحجہ کو پہلے سب سے چھو ٹے شیطان کو قبلہ رو ہو کر سات کنکری ماریں کنکریاں مار کر کچھ آ گر بڑھ جا ئیں اور قبلہ رو ہاتھ اٹھا کر اس طرح دعا کریں کہ ہتھیلیاں قبلہ کی طرف رہیں پھر نہا یت عا جزی و انکسا ری کے سا تھ دعاء درود شریف و استغفار میں کم سے کم بیس آیت پڑھنے کی مقدار تک مشغول رہیں ،پھر بیچ والے شیطان کو سات کنکری ماریں اور دعا و استغفار کریں ، پھر بڑے شیطان کو سات کنکری ما ریں ،اب وہاں ٹھہریں نہیں بلکہ دعا کرتے ہو ئے فو را ً پلٹ آئیں۔
ٍ ۱۲؍ ذی الحجہ یعنی حج کے پا نچویں دن بھی تینوں شیطا نوں کو کنکری ما ریں اس کا وقت بھی گیا رہویں کی طرح ہے یعنی سورج ڈھلنے کے بعد سے ہے ۔
شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد اب اگر آپ چا ہیں تو سورج غروب ہو نے سے پہلے پہلے مکہ شریف روا نہ ہو جا ئیں ، سورج ڈوبنے کے بعد جانا معیوب ہے ۔
اور اگر تیرہویں کی صبح ہو گئی تو پھر کنکری ما ریں اس کا وقت صبح سے سو رج ڈوبنے تک ہے لیکن سورج ڈھلنے یعنی زوال کے بعد مارنا سنت ہے۔( تیرہویں کو کنکری مارے بغیر جا نا جا ئز نہیںکہ جا نے سے کفارہ کی قربانی لازم آئے گی )
حج مکمل ہو گیا اب جب تک مکہ شریف میں رہیں جس قدر ہو سکے عمرہ کریں نیز تمام اعزہ ،اقربا،مؤمنین ،مؤمنات کے لئے دعا ئے خیر کریں اس فقیر(تاج محمد قا دری واحدیؔ) کے لئے بھی دعا کریں کہ اللہ تعا لیٰ اس مبا رک دیار کی زیا رت نصیب فرما ئے ۔
پھر جب رخصت ہو نا ہو تو ایک اور طواف کریں جس کو طواف وداع کہتے ہیں یہ با ہر والوں پر واجب ہے کہ بغیر رمل واضطباع ،اور سعی کے کریں،پھر مقام ابراہیم پر نماز پڑھیں ،پھر زمزم شریف پئیں ،ملتزم سے لپٹ کرحج قبول ہو نے کی اور بار بار حاضری کی خوب دعا ئیں ما نگے اور درود کثرت سے پڑھیں ۔
بار گاہ خدا وندی میں دعا ہے مولیٰ کریم کسی قسم کی غلطی ہو ئی ہو تو معاف فرما اور ہم سب کو حرمین شریفین کی زیا رت نصیب فرما۔آمین بجاہ سید المرسلین علیہ الصلوۃ والتلسیم
کتبہ
فقیر تاج محمد قادری واحدی
آپ سے گزارش ہے کہ صحیح تبصرے کریں، اور غلط الفاظ استعمال نہ کریں۔